پاک چین اقتصادی راہداری منصفانہ طریقے سے نہ بنایا گیا تو پنجاب کے خلاف نفرت بڑھے گی، عمران خان ، منصوبے پر 2 سال سے بات چیت ہورہی ہے لیکن حکومت نے صوبوں کو اعتماد میں ہی نہیں لیا اور روٹ کو چھپائے رکھا ہے، اے پی سی دو سال پہلے ہی کرلیتے تو آج سب کچھ صاف اور واضح ہوتا،منصوبہ چاروں صوبوں کو جوڑنے کا زبردست موقع تھا لیکن حکومت بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں میں پسماندگی کے خاتمے کا موقع گنوا رہی ہے،شریف خاندان سمجھتا ہے 60 فیصد پنجاب سے ووٹ حاصل کرکے حکومت بنا لی جائے د دیگر صوبوں میں کیا ہوتا ہے کوئی فکر نہیں ہوتی، پاک چائنہ راہداری سے پنجاب کے خلاف نفرت بڑھے گی، میڈیا سے بات چیت

بدھ 27 مئی 2015 06:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصفانہ طریقے سے نہ بنایا گیا تو پنجاب کے خلاف نفرت بڑھے گی اور اس سے وفاق کمزور ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول دوران پور ، گورنمنٹ سکول لیڈی گرفت ،پولیس لائن میں فائرنگ سکواڈ اور سپیشل کمبٹ فورس اور گلبرگ پولیس اسٹیشن کا دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر حکومت اور چین کے درمیان گزشتہ 2 سال سے بات چیت ہورہی ہے لیکن حکومت نے صوبوں کو اعتماد میں ہی نہیں لیا اور صوبائی حکومتوں سے منصوبے کے روٹ کو چھپائے رکھا ہے،۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے اے پی سی دو سال پہلے ہی کرلیتے تو آج سب کچھ صاف اور واضح ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری منصوبہ چاروں صوبوں کو جوڑنے کا زبردست موقع تھا لیکن حکومت بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں میں پسماندگی کے خاتمے کا موقع گنوا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ 60 فیصد پنجاب سے ووٹ حاصل کرکے حکومت بنا لی جائے جس کے بعد دیگر صوبوں میں کیا ہوتا ہے اس کی انہیں کوئی فکر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ راہداری سے پنجاب کے خلاف نفرت بڑھے گی۔ وفاق صوبائی حکومت کو ترقیاتی فنڈز تاخیر سے جاری کر رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ لواری ٹنل کے پیسے کہیں اور لگا دیئے جاتے ہیں۔

چشمہ رائٹ کینال کو بیس سال میں مکمل نہیں کیا جا سکا۔ ڈسکہ واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کپتان کا نے کہاکہ شریف برادران اور زرداری اپنے سیاسی مفادات کیلئے پولیس کو استعمال کر رہے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پشاور میں زیر تعمیر شوکت خانم ہسپتال رواں سال مکمل ہو جائے گا صوبائی بجٹ سے اس ہسپتال کے لئے کوئی پیسہ نہیں لیا گیا عمران خان نے کہاکہ فنڈنگ کی اپیل کے بعد ایک رات میں 60کروڑ روپے کا عطیہ جمع ہوا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ وفاق نے خیبرپختونخوا کا 80 فیصد ترقیاتی بجٹ اب تک جاری نہیں کیا، تیسرا کواٹر ہے اور اب تک وفاق سے 80 فیصد بجٹ آجانا چاہیئے تھا لیکن 20 فیصد آیا اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ بجٹ خرچ نہیں کیا جاتا اگر بجٹ ریلیز ہی نہیں ہوں گے تو خرچ کس طرح ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اگر وفاقی حکومت مکمل فنڈ فراہم کرے تو حکومت خیبر پختونخوا کی بنجر زمینوں کو کار آمد بناکر گندم کی مد میں خود کفیل ہوا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال 20 سال سے نہیں بن رہی اور وفاق کی جانب سے اس کا بجٹ کہیں اور مختص کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے پختونخوا کا پانی ضائع ہورہا ہے اور اگر یہ نہر بن گئی تو گندم کی کاشت میں صوبہ خود کفیل ہوجائے گا۔ خیبر پختونخوا پولیس کو سیاسی عمل دخل سے آزاد کر دیا گیا ہے انہیں سیاسی مقاصد کے لئے اور نہ ہی سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے پولیس فورس کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارک دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف مرد بلکہ خواتین پولیس کی ٹریننگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین خیبر پختونخوا میں دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر انہیں کسی بھی حلقے کے انتخابات پر اعتراض ہو تو کھل کر بتا دیں میں کوئی بھی حلقہ کھولنے کے لئے تیار ہوں انہوں نے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ایک کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ان کا ریکارڈ کہاں ہے اوراتنے بیلٹ پیپرز کہاں استعمال ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا منشورملک سے جمود کو ختم کرکے ایک روشن اور مثالی پاکستان کی بنیاد رکھنا ہے اور عوام ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کو شریف برادران نے تباہ کر دیا ہے پنجاب میں دکلاء کے خلاف پولیس گردی کی گئی جبکہ سندھ پولیس کو آصف زرداری استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس گردی کے خلاف پی ٹی آئی میدان میں اترے گی انہوں نے امید ظاہرکی کہ جوڈیشل کمیشن صحیح سمت جا رہا ہے اور جلد ہی سب کچھ عوام کے سامنے آ جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لیڈی گرفتھ سکول کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر کمپیوٹرلیب کا معائنہ کیا۔نہوں نے خیبر پختونخوامیں پی ٹی آئی کے جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پشاور ،مردان اور نوشہرہ میں جلسے کروں گا۔