ڈسکہ کا واقعہ افسوسناک ، پنجاب میں پولیس گردی کی جارہی ہے،پرویز خٹک، پولیس کو نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے کا اختیار نہیں ہے، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا، ڈسکہ کا افسوسناک واقعہ ایک اہلکار کے پاگل پن کی وجہ سے پیش آیا ، رانا ثناء اللہ ،پرویز خٹک کا خیال درست نہیں ،اکا دکا واقعات ہوجاتے ہیں، ہر واقعہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ درست نہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 26 مئی 2015 07:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ڈسکہ کا واقعہ افسوسناک ہے پنجاب میں پولیس گردی کی جارہی ہے پولیس کو نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے کا اختیار نہیں ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ڈسکہ میں وکلاء کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے پنجاب میں پولیس گردی کی جارہی ہے پہلے بھی اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں گلو بٹ کو جیل بھیج دیا گیا لیکن ذمہ داروں کو کچھ نہیں کہا گیا انہوں نے کہا کہ پولیس کو نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے کااختیار نہیں ہے پولیس افسران کے حکم پر گولی چلاتی ہے خیبر پختونخواہ میں ایسے واقعات کا سوچ بھی نہیں سکتے انہوں نے وکلاء سے پرامن رہنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سے درخواست ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے لوگوں کو انصاف ملے گا تو اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ادھرمسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ڈسکہ کا افسوسناک واقعہ ایک اہلکار کے پاگل پن کی وجہ سے پیش آیا ، پرویز خٹک کا خیال درست نہیں اکا دکا واقعات ہوجاتے ہیں ہر واقعہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ درست نہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب پولیس میں دو لاکھ اہلکار ہیں ڈسکہ کا قابل مذمت اور افسوسناک واقعہ ایک پولیس اہلکار اور ایس ا یچ او کے پاگل پن کی وجہ سے پیش آیا جسے پولیس نے بھی گرفتار کیا اور اس کیخلاف مقدمہ درج کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہر واقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ درست نہیں خیبر پختونخواہ میں پولیس اصلاحات کی باتیں محض پروپیگنڈہ ہیں عملاً وہاں اصلاحات نہیں ہوئیں کیونکہ پورے ملک میں پولیس ایک ہی قانون کے تحت کام کرتی ہے پنجاب میں ہم نے پنجاب میں بہتری کیلئے اینٹی ٹیرارسٹ فورس علیحدہ بنائی انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں تھانے میں معمولی جھگڑ ے پر سارا واقعہ پیش آیا ہے ۔