بلاول کا وطن واپسی کیلئے حتمی تاریخ پر غور ،رمضان سے قبل واپسی کا قوی امکان

پیر 25 مئی 2015 06:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کی وطن واپسی کیلئے حتمی تاریخ پر غور شروع کردیا ، رمضان المبارک سے قبل وطن واپسی کا قوی امکان ہے ، پیپلزپارٹی نے پنجاب میں تنظیم نو اور ناراض کارکنوں کو منانے کیلئے حکمت عملی بھی مرتب کرنا شروع کر دی ہے ، زرداری بہت جلد لاہور کو مسکن بنائینگے ، باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان آنے کافیصلہ کرلیا، رمضان المبارک سے پہلے وطن واپس آنے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہاہے،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی قیاد ت تنظیم نو کے ساتھ ساتھ ناراض کارکنوں کومنانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے اور اس سلسلے میں پرانے کارکنوں کو دوبارہ سے فعال کرنے کیلئے ان کی نئی نسل سے روابط بڑھانے پر غور کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں فہرستیں بھی مرتب کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں پنجاب سے اس کا آغاز کیا جائیگا جہاں پیپلزپارٹی کی الیکشن دوہزار تیرہ میں انتہائی مایوس کن پوزیشن تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بھی جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، رحیم یارخان ، مظفر گڑھ اور لیہ پر فوکس کیا جائیگا اور اس کے بعد شمالی اضلاع کی جانب بڑھاجائیگا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسی سلسلے میں رمضان المبارک میں بلاول بھٹو زرداری کے پاکستان آتے ہی شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنا مسکن لاہور کو بنائینگے اورچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ اور بختاور کے ہمراہ ان اضلاع کے دورے کرکے اور مختلف نشستیں کرکے پارٹی کو فعال کرینگے تاکہ بلدیاتی انتخابات میں خاطر خواہ نتائج حاصل کرسکیں ۔