بھارت کا کھلم کھلا دہشتگردی کی سرپرستی کرنے کا اعلان، ممبئی طرز کا کوئی اور حملہ ہوا تو جواب میں دہشت گردوں کو استعمال کریں گے ، بھارتی وزیر دفاع کی ہرزہ سرائی ،بھارتی وزیر دفاع کا بیان پاکستان کے موقف کی تصدیق ہے، خواجہ آصف، بھارتی وزیر دفاع کا بیان دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ہمارے خدشات کی تصدیق ہے، سرتاج عزیز،بھارتی وزیر دفاع کا بیان خطے میں امن کیلئے خطرناک ، عالمی برادری نوٹس لیں،پرویز رشید

اتوار 24 مئی 2015 05:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2015ء) بھارت دہشتگردوں کی کھلی سرپرستی پر اتر آیا، وزیردفاع منوہر پریکار نے کھلم کھلا کہا ہے کہ اب دہشتگردی کی سرپرستی کریں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیر دفاع منوہر پریکار نے ،نئی دہلی میں ایک سیمینار کے دوران کہا ہے کہ اگر بھارت میں ممبئی طرز کا کوئی اور حملہ ہوا تو جواب میں دہشت گردوں کو استعمال کریں گے تاکہ بھارتی فوج کو یہ کام نہ کرنا پڑے۔

منوہر جی نے یہ بھی کہا کانٹا نکالنے کے لیے کانٹا استعمال کریں گے اور ہم یہ کام کرسکتے ہیں۔منوہر پریکار کی زبان سے اسنے بڑے زہریلے الفاظ سے انکی انتہا پسندانہ سوچ لبوں پر آگئی۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے پاکستان کے بھارت کے ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی برآمد کرنے کے موقف کی تصدیق ہوتی ہے، منوہر پاریکر کا بیان ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کنٹرول کرنے کے نام پر دہشتگردی برآمد کرنے کا کھلا اقرار ہے۔

(جاری ہے)

جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا یہ کہنا کہ دہشتگردی کا فروغ روکنے کیلئے دہشتگردی کی سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے بنائے گئے قواعد کا استعمال نہ کرنا بھارتی اعلیٰ عہدیدار کا دہشتگردی کے پھیلاؤ کا کھلا اقرار ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت دہشتگردی کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے نام پر ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔

ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ہمارے خدشات کی تصدیق کرتا ہے،پہلی مرتبہ کسی وزیر نے دوسرے ملک میں دہشتگردی کی کھل کر وکالت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں،پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع منوہر پیکار نے دوسرے ملکوں میں دہشتگردی کا بیان دیا تھا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان خطے میں امن کے حوالے سے خطرناک ہے، عالمی براد ری اس کا نوٹس لے اور امن کیلئے اپنا کردار ادا کر ے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دیتا جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔

وہاں انسانی بنیادی حقوق پامال ہورہے ہیں پاکستان نے ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کا آغاز کردیا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے، عالمی قوتیں امن کیلئے اپنا کردار کریں اور پاکستان کے اندر بھارت کی پراکسی وار کا نوٹس لیں۔ بھارت دہشت گردی پھیلانے کی باتیں کرر ہا ہے جبکہ اس وقت دنیا کو امن‘ خوشحالی اور ترقی کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کیلئے امن کا راستہ اپنا یاہے۔ امن کی خاطر پاک فوج نے ہزاروں نوجوانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پاک فوج خطے اور دنیا میں امن کی خاطر جنگ لڑ رہی ہے ۔