وزیر اعظم نواز شریف کی کرغزستان کے ہم منصب سے ملا قات ، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان عوامی وفود کی سطح پر روابط بڑھانے ،دہشت گردی کے خاتمے، منشیات کی روک تھام و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،دو طر فہ تعلقات کے فروغ ، تجارتی تعاون، امن و امان کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ، پاکستان خطے میں امن کے لئے جمہوریت پسند ممالک سے تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے،نواز شریف

جمعہ 22 مئی 2015 08:03

بشکیک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مئی۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کرغزستان کے ہم منصب سریووتیمر سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ ، تجارتی تعاون، امن و امان کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے بشکیک کے دارلحکومت میں کرغزستان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہاہے کہ کرغزستان کی ترقی کے لئے عوام کی پختہ سوچ قابل ستائش ہے ۔

پاکستان کرغزستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کو سراہتا ہے دونوں ملک مشترکہ مذہبی ، ثقافتی ورثے کے حامل ہیں دونوں ملک خطے میں امن و خوشحال کے لئے کوشاں ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے تمام جمہوریت پسند ممالک سے تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے اس موقع پر کرغزستان کے وزیر اعظم سریووتیمر نے ان کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک میں بہتر تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ خاتون اول کلثوم نواز اور دیگر اراکین وفد بھی موجود تھے ۔ پاکستان اور کرغزستان نے عوامی وفود کی سطح پر روابط بڑھانے دہشت گردی کے خاتمے منشیات کی روک تھام علاقائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے توانائی‘ تجارت‘ معیشت‘ قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے کئے ہیں۔

دستخط وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد کے دورے کے دوران کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف جمعرات کے روز اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے تو ائرپورٹ پر کرغزستان کے ہم منصب سریوف تیمیری نے انکا استقبال کیا ہے۔ ائرپورٹ پر وزیراعظم نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ہے اور دونوں ممالک کے ترانے بجا کر وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا گیا ہے۔

اس موقع پر صدارتی گاردز نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا بعد میں کرغزستان کے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف اور سریوف تیمیری کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات بھی ہوئی پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نواز شریف کر رہے تھے جبکہ کرغزستان کے وفد کی قیادت کرغزستان کے وزیراعظم کر رہے تھے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم میاں نواز شریف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک دوستی کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اعلیٰ سطح وفد کے تبادلے اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ریل‘ سڑک‘ ہوائی رابطوں کے ذریعے وسطی ایشیاء میں ترقی کا خواہاں ہے۔

ہمیں اپنے سیاسی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کرغزستان کے تعلقات مضبوط ہیں اور انہیں مضبوط بنائیں گے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرغزستان کے وزیراعظم سریوف نے وزیراعظم نواز شریف کو کرغزستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی کرغزستان آمد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہونگے دونوں ملک علاقائی امن اور استحکام بارے ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان صحت اور سیاحت کے شعبہ میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے کرغزستان کے صدر الماذ بیگ سے بھی ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان معیشت کے فروغ باہمی امور پر تعاون بڑھانے علاقائی امن و امان سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ صدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کے لئے کرغزستان کی عوام کی پختہ سوچ قابل ستائش ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مزید مضبوطی کے لئے عوامی روابط کو فروغ دینا ہو گا۔ اس موقع پر کرغزستان کے صدر الماز بیگ نے وزیراعظم نواز شریف کا کرغزستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انکو خوش آمدید کہا اور کہا ہے کہ کرغزستان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں پاکستان کو پائیدار شراکت دار تصور کرتا ہے۔ آج ہونے والے معاہدے اچھے تجارتی روابط کے فروغ میں معاون ہونگے اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ خاتون اول کلثوم نواز شاہد خاقان عباسی‘ خرم دستگیر‘ طارق فاطمی‘ ڈاکٹر آصف کرمانی اور دیگر موجود تھے۔