حکومت کے تعصبانہ اقدامات نے دیگر صوبوں میں پنجابیوں کو قابل نفرت بنا دیا ، اعتزاز احسن، بلوچستان سندھ اور خیبر پختونخوا کو نظر انداز کرکے حکومت نفرت کے بیج بو رہی ہے ،تمام اہم وزارتیں پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کے پاس ہیں وزیر اعظم کے ہر بیرون ملک دورے میں شہباز شریف موجود ہوتے ہیں کیا دیگر وزرا علیٰ یہ حق نہیں رکھتے ہیں، سینٹ میں خطاب

جمعرات 21 مئی 2015 05:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء) قائد حزب اختلاف سینٹر اعتزاز احسن نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کے تعصبانہ اقدامات نے دیگر صوبوں میں پنجابیوں کو قابل نفرت بنا دیا ہے بلوچستان سندھ اور خیبر پختونخوا کو نظر انداز کرکے حکومت نفرت کے بیج بو رہی ہے ،تمام اہم وزارتیں پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کے پاس ہیں وزیر اعظم کے ہر بیرون ملک دورے میں شہباز شریف موجود ہوتے ہیں کیا دیگر وزرا علیٰ یہ حق نہیں رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہا رانہوں نے سینٹ میں اپنے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن جس انداز سے حکومت چلا رہی ہے وہ انتہائی غیر زمہ دارانہ اور خطرناک ہے دیگر صوبوں میں پنجاب کے خلاف نفرت کی فضاء بنائی جا رہی ہے آج ہر طرف سے ظالم پنجاب کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں انہوں نے کہاکہ سینٹ کے اراکین نے تو اپنے خیالات کا اظہار نہایت مہذب انداز میں کیا ہے مگر جب یہی باتیں عام نوجوانوں تک پہنچی ہیں تو انکے جذبات کچھ اور ہو جاتے ہیں اور یہی چیز نقصان دہ بن جاتی ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کی اہم 11وزارتوں پر پنجابی قابض ہیں جبکہ ٹیم کے بارھویں کھلاڑی شہباز شریف ہیں جو ہر دورے میں وزیر اعظم کے ساتھ ہوتے ہیں کیا دیگر وزرا اعلیٰ یہ حق نہیں رکھتے ہیں کہ وہ غیر ملکی دوروں میں وزیر اعظم کے ساتھ جائیں انہوں نے کہاکہ اگر موجود ہ حکومت نے اپنے روئیے پر نظر ثانی نہ کی اور مجھے لگتا ہے کہ نہیں کرے گی تو مستقبل میں اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔