وزیراعظم نے کیپٹن صفدر کے حلقہ کیلئے 10کروڑ کی خصوصی گرانٹ جاری کردی ،مانسہرہ کے دیگر حلقوں این اے 20 کے لیے 33لاکھ ، این اے 18 اور این اے 22 کے لیے ڈیڑھ ، ڈیڑھ کروڑ کی گرانٹ جاری ،نواز شریف نے پیپلز پارٹی دور حکومت میں ملتان اور لاڑکانہ کیلئے خصوصی گرانٹ پر گیلانی حکومت پر شدید تنقید کی تھی

جمعرات 21 مئی 2015 05:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے اقربا پروری کی حدیں پار کرتے ہوئے اپنے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے انتخابی حلقہ این اے 21 مانسہرہ کے لیے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کردی ہے ۔ گرانٹ جاری ہونے کے بعد پاک پی ڈبلیو نے سکیموں کا اعلان کردیا ہے ۔ مانسہرہ کے دیگر حلقوں این اے 20 کے لیے صرف 33لاکھ جبکہ این اے 18 ایبٹ آباد کے اور این اے 22بٹگرام کے لیے ڈیڑھ ، ڈیڑھ کروڑ کی گرانٹ جاری کی گئی ہے ہے ۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی دستاویزات میں وزیراعظم نے اپنے خاندان کے افراد کے حلقوں کے لیے کروڑوں کی گرانٹ جاری کی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقے خصوصی گرانٹ سے محروم ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ماضی میں پیپلز پارٹی دور حکومت میں ملتان اور لاڑکانہ کیلئے خصوصی گرانٹ پر گیلانی حکومت پر شدید تنقید کی تھی لیکن آج کل خود غیر قانونی اقدامات میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے خیبر پختونخواکے دیگر اضلاع میں ایسی کوئی گرانٹ جاری نہیں کی ہے ، فاٹا کے لیے بھی کوئی گرانٹ جاری نہیں کی ۔ اس حوالے سے خبر رساں ادارے نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے موقف جاننے کیلئے کوشش کی تو وہ جواب دینے پر راضی نہ ہوئے ۔ وزیراعظم کے پریس سیکرٹری دانیال ترجمان مصدق ملک سے بھی موقف لینے کی بار بار کوشش کی لیکن کسی نے بھی اس حوالے سے موقف نہیں دیا ۔