ماہ رمضان میں افطار کا ٹائم ایک رکھا جائے اور عوام کو اشیاء خوردونوش کی مد میں ریلیف دیا جائے ،سینیٹر عطاء الرحمن ، حکومت نے ماہ رمضان پیکج تیار کرلیا ہے اعلان جلد ہوگا،قائد ایوان راجہ ظفر الحق

بدھ 20 مئی 2015 06:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2015ء) جے یو آئی (ف) کے سینیٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں افطار کا ٹائم ایک رکھا جائے اور عوام کو اشیاء خوردونوش کی مد میں ریلیف دیا جائے قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان پیکج تیار کرلیا ہے اعلان جلد ہوگا ۔ وزارت مذہبی امور افطار ٹائم کے حوالے سے دونوں فریقوں کے ساتھ بات کررہی ہے سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ کو متنازعہ نہ بنایا جائے اور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ۔

سینیٹر طاہر مشہدی نے عوامی توجہ کے مسائل پر کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے اور صوبائی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی وفاقی حکومت بھی کراچی میں پانی کی ترسیل کیلئے پانی کے پمپ فراہم کرے اور اس وقت یہ پمپ بحران کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں طالبعلموں کو انٹرن شپ کا موقع دیا جائے تاکہ انہیں آگاہی ملے ۔

آرمی چیف نے را کی پاکستان میں ملوث ہونے کا کہا ہے اس لئے ایوان میں ان کیمرہ بریفنگ اس حوالے سے دی جائے تاکہ اس مسئلے کو ہم بھی عالمی سطح پر اٹھا سکیں ۔ سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ اگر ہم دیانتداری سے ملک کے ساتھ ہیں تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے ۔ کالا باغ ڈیم جو کہ انرجی بحران کو ختم کردیتا لیکن اسے متنازعہ بنا دیا گیا اب اقتصادی راہداری کے منصوبے کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ان لوگوں کا تعین کرنا ہوگا جو ملک کی جڑیں کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں جب تک یہ لوگ بے نقاب نہیں ہونگے اس وقت دہشتگردی بھی ختم نہیں ہوگی اور ملک بھی ترقی نہیں کریگا تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر اسے متنازعہ ہونے سے بچانا ہے اور بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے اور تمام جماعتوں کا ایک تھینک ٹینک بنایا جائے جو کہ تمام صوبوں کی محرومیوں کا ازالہ کرے ۔

سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ماہ رمضان کی آمد سے چینی کی پہلے قیمت 53 تھی اور اب 60 تک پہنچ گئی ہے امریکہ اور یورپی ممالک میں کرسمس کے موقع پر وہاں کے لوگوں کو ریلیف دیا جاتا ہے لیکن اسلامی ملک میں یہاں پر ماہ رمضان میں لوگوں کو لوٹا جاتا ہے اس پر حکومت توجہ دے اور ماہ رمضان میں صبح کی نماز کے دوران بھی ایک ہی افطار کا ٹائم رکھے تو قائد ایوان ہیڈ ہوگا راجہ ظفر الحق نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے فقہ جعرافیہ اور اہلسنت کے درمیان بات کی ہے کہ کوئی ایک فریق افطاری کے درمیان وقت کم کردے اس پر بات ہورہی ہے حکومت نے رمضان پیکج تیار کیا ہے جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا جس کے بعد چیئرمین سینٹ نے ا جلاس بدھ کے روز ڈھائی بجے تک ملتوی کردیا ۔