پرویز رشیدکے عقیدے بارے تحقیقات کریں گے،حافظ حسین احمد، وفاقی وزیر اطلاعات نے مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا کہنے سے انکار کیا تھا، مولانا الیاس چینوٹی نے ختم نبوت کا اقرار نہ کرنے پر پرویز رشید کو ووٹ نہیں دیا تھا،میڈیا سے بات چیت

منگل 19 مئی 2015 06:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات کے عقیدے کے حوالے چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے ،سینٹ انتخابات کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے ممبراسمبلی مولانا الیاس چینوٹی نے ختم نبوت کا اقرار نہ کرنے پر پرویز رشید کو ووٹ نہیں دیا تھا،وفاقی وزیر پرویز رشید خود بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنے عقیدے کی وضاحت کر سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیاانہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر پرویز رشید کے عقیدے کے بارے میں مولانا الیاس چینوٹی ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی اور قاری رفیق لاہوری پر مشتمل چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو پرویز رشیدکے عقیدے کے بارے میں تحقیقات کریں گے انہوں نے کہاکہ حالیہ سینٹ کے انتخابات کے موقع پر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مولانا الیاس چینوٹی نے پارٹی قائدین سے درخواست کی تھی کہ میرا پینل جس میں پرویز رشید ہیں کو تبدیل کیا جائے جس پر اس کے پینل کو تبدیل کیا گیا انہوں نے بتایاکہ مولانا الیاس چینوٹی نے ہمیں بتایا ہے کہ میں نے پرویز رشید سے کہاتھا کہ مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا کہے مگر اس کے کہنے سے انکار کر دیا تھاحافظ حسین احمد نے بتایاکہ اس وقت پورے ملک میں وفاقی وزیر اطلاعات کے بارے میں کراچی میں ان کی تقریر کے حوالے سے عوام میں تشویش کی لہر پھیلی ہوئی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ اس حوالے سے اقدامات کرے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر پرویز رشید خود بھی اس کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں وضاحت کرے تاکہ ابہام کو ختم کیا جائے سکے اور اس میں ان کیلئے شرمندگی یا رسوائی کی کوئی بات نہیں ہے بلکہ یہ اس کے اور موجودہ حکومت کے حق میں بہت بہتر ثابت ہوگا۔