جوڈیشل کمیشن میں سامنے آچکا ہے دھاندلی کیلئے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے،عمران خان، مسلم لیگ (ن) کو سمجھ نہیں آرہا کمیشن میں کیا ہورہا ہے، آئندہ سماعت کے دوران ایک کے بعد دوسری قسط سامنے آئے گی،جو بھی نتیجہ آئے گا ،جمہوریت مضبوط ہوگی،میڈیا سے گفتگو

منگل 19 مئی 2015 06:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2015ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی اب تک کی سماعت کے بعد یہ بات سامنے آچکی ہے کہ دھاندلی کے لئے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جب کہ وی آئی پی حلقوں میں زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔پیر کوجوڈیشل کمیشن کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کی حکمت عملی ٹھیک جارہی ہے اور ایسی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کو سمجھ نہیں آرہا کہ کمیشن میں کیا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف حکمت عملی کے تحت کچھ گواہوں کو بلائے گی اور کچھ کونہیں جب کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ وی آئی پی حلقوں جیسے حمزہ شہبازشریف اورکیپٹن(ر)صفدر جیسے لوگوں کے حلقے میں اضافی بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کے لئے بعض حلقوں میں ایک لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز پہنچائے گئے تاہم آئندہ سماعت کے دوران ایک کے بعد دوسری قسط سامنے آئے گی اور جو بھی نتیجہ آئے گا اس سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔