وزارت مذہبی امور نے ٹیکنیکل طریقے ” پارلیمنٹ حج کوٹہ“ بحال کردیا ، قرعہ اندازی ٹیکنیکل طریقے سے کی گئی، 3ہزار سے زائد ارکان پارلیمنٹ سرکاری حج کریں گے،ذرائع

پیر 18 مئی 2015 07:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء)پابند ی کے باوجود وزارت مذہبی امور نے ” پارلیمنٹ حج کوٹہ“ بحال کردیا ۔وزارت مذہبی امور نے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حج 2015 میں ارکان” پارلیمنٹ کا کوٹہ“ ٹیکنیکل طریقے سے بحال کردیا ہے۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس سال 3ہزار سے زائد ارکان پارلیمنٹ سرکاری حج کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ارکان پارلیمنٹ کے دباؤ کے آگے ہتھیار ڈالتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کے لئے حج کوٹہ مختص کیا جو مساوی بنیادوں پر تمام ارکان میں تقسیم کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق سردار یوسف نے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد دوسرے سال ہی پہلے قرعہ اندازی کا متنازعہ طریقہ بحال کرایا تاکہ حج درخواستوں کے انتخاب میں وزارت کا اثر و رسوخ برقرار رہے اور بعد ازاں مبینہ طور پر ارکان پارلیمنٹ کا کوٹہ بحال کردیا ہے۔