حکومت نے آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ بڑھانے ، ایف بی آر کے اختیارات کم اور نجی شعبہ کو مزید مراعات دینے کا فیصلہ

پیر 18 مئی 2015 06:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 مئی۔2015ء)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2015.16 ء کے بجٹ میں ٹیکس نیٹ بڑھانے ، ایف بی آر کے لا محدود اختیارات کم کرنے اور ملک میں نئی صنعتیں لگانے کیلئے نجی شعبہ کو مزید مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کی جانب سے حکومت کو دی گئی بجٹ تجاویز میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے اس ضمن میں فیڈر یشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر میاں ادریس نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اجلاس میں فیڈریشن کی بجٹ تجاویز پر غورو خوض کیا گیا اجلاس میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کے چیئرمین علی مسعود نقوی ، کمیشن کے اراکین اشفاق تولہ ، عابد شعبان ، فخرالدین ، ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ادریس ، چیئرمین ایف بی آر بجٹ کمیٹی ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر مزمل صابری ، لاہور چیمبر کے نمائندہ احمد بٹ ، کراچی چیمبر آف کامرس کے ابراہی کسمبی ، اوورسیز پاکستانی چیمبرز آد کامرس کے سیکرٹڑی جنرل عبدالعلیم خان ، ممتاز صنعتکار شیر علی محمد اور دیگر نے شرکت کی ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ادریس نے کہا ہے کہ اجلاس میں ٹیکس اصلاحات کمیشن کی مشترکہ تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے کہ نئے بجٹ میں ایف بی آر کے افسران کے لامحدود اختیارات کم کئے جائینگے اس کیلئے آرڈیننس جاری کر دیا گیا ہے اور اسے فنانس بل کا حصہ بنا کر پارلیمنٹ سے منظوری لی جائیگی انہوں نے کہا کہ ملک میں نئی صنعتوں کیلئے حکومت کی جانب سے ٹیکس اور ڈیوٹی کم کرنے سمیت مزید مراعات دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے نئے بجٹ میں اقدامات کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی وزیر خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں افراط زر کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے جبکہ آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ پانچ فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں پانچ فیصد اضافہ کیا جائیگا وزیر خزانہ نے فیڈریشن چیمبر اور ملک کے تمام چیمبرز کی بجٹ تجاویز کو بجٹ میں ان کارپوریٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے میاں ادریس نے کہا کہ فیڈریشن نے بجٹ تجاویزپر تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں سے مشاورت کی ہے اسلام آباد چیمبر کے صدر مزمل صابری نے کہا کہ اسلام آباد کے تاجر میٹر ومنصوبہ ، دھرنوں اور سیکورٹی معاملات کی وجہ سے مسائل کا شکار رہا ہے حکومت وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کو ریٹیل آڈٹ سے مستثنیٰ قرار دے اور ان کی ٹیکس ریٹرن کو من و عن قبول کیا جائے اور ان کا آڈٹ نہ کیاجائے انہوں نے کہا کہ اپنے ٹیکس گوشوارے داخل کرانے والے چھوٹے تاجروں کیلئے ٹیکس فارم اردو اور انگریزی زبان میں سادہ اور آسان بنایا جائے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :