چینی سفیر کی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال، امن و امان کی بہتر صورتحال سے صوبے میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے ، وزیراعلیٰ، اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی تبادلہ خیال ، صوبے میں 2700میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں، سن ویڈونگ نے ٹرانسپورٹ ، مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش

اتوار 17 مئی 2015 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2015ء) اسلام آباد میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سن ویڈونگ نے ہفتہ کے روز خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا ملاقات کے بعد جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے چینی سفیر کو خیبرپختونخوا حکومت کی اُن اصلاحات اور قانون سازی کے عمل سے آگاہ کیا جو صوبائی حکومت کے بہتر نظم و نسق اور خصوصاً بجلی کی پیداوار، معدنیات اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے محفوظ مواقع پیدا کرنے کیلئے جاری ہے وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بہتر صورتحال کا بھی ذکر کیا جس سے صوبے میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے اُنہوں نے چینی سفیر کو صوبے میں جاری چینی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ چین دوسری عالمی اقوام کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ قریب ہے اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے پرویز خٹک نے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کے پیش نظر پاکستانیوں کیلئے چینی زبان سیکھنے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا چینی سفیر سن ویڈونگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خیبرپختونخوا میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 2700میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے زیر تکمیل ہیں اُنہوں نے ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بعض دیگر شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں اُنہوں نے خیبرپختونخواکے پرائمری تعلیم کے شعبے میں چین کی حکومت کی جانب سے تعاون کی بھی پیشکش کی اور تعلیم، صحت اور فنی تعلیم کے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی ظاہر کی اُنہوں نے پاکستان میں پائیدار ترقی اور خوشحالی واستحکام کیلئے چین کی حکومت کی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔