میرادل کہتاہے 2015ء نئے پاکستان کاسال ہے ، عمران خان ، جوڈیشل کمیشن بننے کے بعداب کوئی دھاندلی کی جرأت نہیں کریگا، چاہتاہوں ملک میں حقیقی جمہوریت آئے ، ،حکمران میٹرومنصوبے سے کمیشن کھارہے ہیں ،جب تک کراچی پولیس غیرسیاسی نہیں ہوگی امن قائم نہیں ہوسکتا،پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت ہے ، خیبرپختونخواہ پولیس مثالی ہے ، اقتصادی راہداری پر تحفظات ہیں حکومت دو ر کرے،ملتان میں جلسہ سے خطاب، بنی گالا میں صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 16 مئی 2015 08:32

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعداب کوئی دھاندلی کرنے کی جرأت نہیں کریگا،چاہتاہوں ملک میں حقیقی جمہوریت آئے ،ملتان کے شہری حقوق کیلئے کھڑے ہوجائیں ،حکمران میٹرومنصوبے سے کمیشن کھارہے ہیں ۔ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک ووٹ چوری ہوں گے حکمران کمیشن کھاتے رہیں گے ،ایک طرف نیاپاکستان دوسری طرف باریاں لینے والے ہیں ،مظاہرین نے میرے گھرکے باہر2ماہ تک مظاہرہ کیا،صوبائی حکومت اورمظاہرین کے ساتھ بیٹھ کرانصاف کردیا،کسی کوبھی رائے ونڈاوربلاول ہاوٴس کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں دی جاتی ۔

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی اوراسلام آبادکوکھوددیاگیا،موٹروے سے کوئی ترقی نہیں کرسکتا،خیبرپختونخواہ میں این ایف ایوارڈکافیصلہ وزیراعلیٰ نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی کی پولیس کوسیاسی کردیاگیا۔میرٹ پرپولیس کی بھرتیاں نہیں کی جارہی ،جب تک کراچی کی پولیس غیرسیاسی نہیں ہوتی کراچی میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت ہے ،دیگرصوبوں کی نسبت خیبرپختونخواہ کی پولیس مثالی ہے ،صوبے میں جرائم میں کمی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن بن گیاہے ،کمیشن دھرنے کی وجہ سے بناہے ،جوڈیشل کمیشن میں بہت سے چیزیں سامنے آئی ہیں ۔شہبازشریف نے آٹھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کاوعدہ کیاتھا،دوسال گزرگئے ہیں لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آئیا وربجلی مہنگی کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی تعلیم اورصحت کے شعبوں میں کوئی ترقی نہیں کی ،اڑھائی کروڑبچے سکولوں سے باہرہیں ،حکمران کمیشن کے چکرمیں میٹروکے منصوبے لگارہے ہیں ،قوم بھوک سے مررہی ہے ،اربوں روپے جنگلہ بس میں خرچ ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میرادل کہتاہے کہ 2015ء نئے پاکستان کاسال ہے ،حلقہ این اے 122کاکیس آج الیکشن ٹریبونل میں جارہاہے ،مزیدوکٹیں گریں گیں ۔انہوں نے کہاکہ حقوق کیلئے اپنی آوازبلندکرناہوگی ،ملتان کے شہری اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہوجائیں ۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کا سارا پیسہ لاہور پر لگایا جا رہا ہے لیکن پی ٹی آئی صوبے میں فنانس ایوارڈ کا نظام متعارف کرا رہی ہے جس صوبے کے تمام اضلاع مستفید ہونگے‘ اے پی ایس پشاور کے بعد کراچی میں سانحہ صفورا نے پورے ملک کو ہلا دیا جب تک کراچی پولیس سے سیاسی مداخلت ختم نہیں ہو گی اس وقت تک کراچی میں امن نہیں آ سکتا ہے کیونکہ سیاسی جماعتیں مجرموں کو پولیس میں بھرتی کر رہی ہیں اقتصادی راہداری پر تحفظات ہیں مزید حکومت تفصیلات فراہم کرے 3 مہینوں کے احتجاج کے بعد ویلفیئر بورڈ ورکرز اور پولیو ورکرز کے مسائل صوبے سے حل کروا لئے ہیں رائیونڈ یا بلاول ہاؤس ہوتا تو ملازمین پر کب کا لاٹھی چارج ہو جاتا۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمان خان نے ملتان روانگی سے قبل بنی گالہ میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیاسے گفتگو کیا۔ انہوں نے گرین ٹرین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کا سارا پیسہ لاہور پر لگایا جا رہا ہے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کیا جا رہا بلکہ بڑے بڑے منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے پنجاب میں کسانوں کا معاشی قتل جاری ہے اور انکو انکا حق نہیں دیا جا رہا پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ میں فنانس ایوارڈ متعارف کرا رہی ہے جس سے سارے صوبے کے سارے اضلاع مستفید ہونگے اور تمام اضلاع کو براہ راست انکے پیسے ملیں گے کسی کے کہنے یا سفارس کی ضرورت نہیں ہو گی عمران خان نے کہا کہ پی ایس کے بعد کراچی میں سانحہ صفورا نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا حقیقت میں کراچی کی پولیس میں سیاسی جماعتوں نے تمام مجرموں کو بھرتی کرا دیا ہے جب تک کراچی پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک کراچی میں امن نہیں آئے گا صوبہ خیبرپختونخواہ جس میں سب سے زیادہ دہشتگردی تھی لیکن ہماری حکومت نے وہاں پر پولیس کو غیر سیاسی بنایا اور وہاں پر میرٹ کی بنیاد رکھی جس کی وجہ سے اب خیبر پختونخواہ میں جرائم کی شرح میں کمی آ رہی ہے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اقتصادی راہداری ملک کا بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس وقت 11 کروڑ پاکستانی غربت کے ہاتھوں چور ہیں اگر اقتصادی راہداری کو اپنے پہلے والے روٹس سے گزارا تو پھر غربت میں پیسے لوگوں کی تقدیر بھی بدل جائے گی لیکن تحریک انصاف کو اقتصادی راہداری پر تحفظات ہیں حکومت اقتصادی راہداری منصوبے پر مزید تفصیلات فراہم کرے عمران خان نے صحافیوں کو جمہوریت کے ثبوت کا درجہ دیتے ہوئے ملتان میں صحافیوں پر تشدد کی مذمت کی ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ 3 مہینے سے ویلفیئر بورڈ کے ورکرز گھر کے باہر احتجاج کر رہے ہیں اور یہی جمہوریت کا حسن ہے لیکن ہم نے پولیو ورکرز اور ویلفیئر بورڈز کے ورکرز کے تمام مسائل کو حل کرا دیا ہے اگر یہ ورکرز رائیونڈ ہوتے تو ان پر کب کا لاٹھی چارج اور ٹیئر گیس شیلنگ ہو جانی تھی۔