2سال میں ریلوے کو بحال،کرپشن کا خاتمہ کر دیا،نواز شریف ، ریلوے کی بحالی حکومت کے لئے بڑا چیلنج تھی 10 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی ہے،ریلوے کی طرح دیگر وزارتیں بھی کارکردگی بہتربنائیں،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا ،وزیر اعظم کا اسلام آباد سے کراچی تک گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 مئی 2015 08:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2015ء)وزیرا عظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی ملک کی ترقی کا دارومدار اداروں پر ہوتا ہے اور اداروں کی ترقی حکومتی ترقی کا آئنہ دار ہوتی ہے، ریلوے کی بحالی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج تھی ،2 سال کے دوران ریلوے کو بحال کر دیا گیا ہے ،ریلوے میں کرپشن کا خاتمہ اور 10 ارب روپے مالیت کی زمین واگزار کرائی جا چکی ہیں جو سب سے بڑی کامیابی ہے۔

ریلوے کی طرح دیگر وزارتیں بھی کارکردگی بہتربنائیں،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے یہاں اسلام آباد سے کراچی سے گرین لائن ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے ایک عرصہ سے زوال کا شکار رہا ہے ،خواجہ سعد رفیق نے دو سال میں ریلوے کو بحال کر کے پٹڑی پر چڑھا دیا ہے،ریلوے کی بحالی حکومت کے لئے بھی ایک بڑا چیلنج تھی آج خوشی ہے کہ ریلوے کی بحالی کے لئے خواجہ سعد رفیق جیسے رہنما کا انتخاب کیا تھا جو درست ثابت ہوا ہے کیونکہ ایک باہمت اور باصلاحیت شخص ہی ریلوے کو بحران سے نکال سکتا تھا ،سعد رفیق نے ریلوے ملازمین میں نیا جذبہ اور نئی سوچ پیدا کی ہے ،خواجہ سعد رفیق نے بہترین لیڈر کے طور پر دن رات محنت کر کے محکمہ ریلوے کو کامیابی کی جانب دھکیل دیا ہے ،وفاقی وزیر ریلوے اور ان کے ملازمین کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتا ہوں جن کی دن رات کاوشوں سے محکمہ ریلوے میں کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا سے زمین چھڑانا آسان کام نہیں ہے،وفاقی وزیر نے 10 ارب مالیت کی 3 ہزار ایکڑ زمین واگزار کرائی ہے ،انہوں نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے اجلاس کے دوران ریلوے کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا تھاابھی ریلوے کی بحالی کے لئے بہت کچھ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے کی سفری سہولیات کو بین الاقوامی سہولتوں کے مطابق بنائیں گے ۔،وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے منشور میں اداروں کی ترقی پر زور دیا ہے ،دوسرے اداروں کو بھی محکمہ ریلوے کی طرح کارکردگی نظر آنی چاہیے ،امید ہے محکمہ ریلوے کی طرح پی آئی اے کی بھی جلد ہی کارکردگی بہتر نظر آئی گی،کراچی سے کاشغر تک ریلوے کا سفر ہماری ترقی اور خوشحالی کا نیا باب ثابت ہوگا اور امید رکھتا ہوں کہ ریلوے کی تیزی کے ساتھ ترقی سے پاکستان اور ترکی کے درمیان ریلوے کا سفر ممکن ہو سکے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین کی سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرے گا ،پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا،پاکستان میں تیز رفتار معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔