کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،چیف الیکشن کمشنر نے ڈپٹی سپیکر کو جھاڑ پلا دی،جاوید مرتضی عباسی الیکشن کمیشن کو مناسب جواب نہ دے سکے‘ غیر مشروط معافی مانگ لی ، ویڈیو ریکارڈنگ ریکارڈ کا حصہ بنا دی گئی ‘ اگلی سماعت 20 مئی کو ہوگی

جمعہ 15 مئی 2015 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ڈپٹی سپیکر جاوید مرتضیٰ عباسی کو جھاڑ پلا دی‘ جاوید مرتضی عباسی الیکشن کمیشن کو مناسب جواب نہ دے سکے‘ سماعت میں پیش کی گئی ویڈیو ریکارڈنگ کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے‘ اگلی سماعت 20 مئی کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضی عباسی کو جھاڑ پلا دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت فل بنچ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر جاوید مرتضی عباسی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں ایبٹ آبادکے علاقے پھلڑہ میں اپنے امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور وہاں پر تقریر بھی کی۔

درخواست گزار نے ڈپٹی سپیکر جاوید مرتضی عباسی کی جانب سے کی جانے والی تقریر کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کی جسے دیکھنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سرداررضا خان نے ڈپٹی سپیکر کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ذمہ دار شخص ہیں آپ نے غیر ذمہ داری کامظاہرہ کیوں کیا۔ جس پر جاوید مرتضی عباسی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حلقے کے لوگوں نے بلایا تھا تو وہاں گیا تھا۔

تاہم چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کو ضابطہ اخلاق کا بخوبی علم تھا لیکن آپ کے قانون کی خلاف ورزی کی سیاست دان میرٹ کی بات کرتے ہیں لیکن خود عمل نہیں کرتے۔ جس پر ساری بات الیکشن کمیشن پر ڈالی جاتی ہے۔ ڈپٹی سپیکرنے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ۔ جس پرالیکشن کمیشن نے سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں وزیراعظم ‘ وزراء ‘ وزرائے اعلیٰ مشیر ‘ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی و سینیٹرز پر بلدیاتی انتخابات میں انتخابی مہم کا حصہ بننے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اور خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ رکن یا وزیر خلاف سخت کارروائی کر سکتاہے۔