پنجاب حکومت کا ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش پر 6 ارب سبسڈی پیکج کا اعلان ، صوبے بھر میں 400 رمضان بازار قائم کئے جائیں گے ،رمضان پیکیج کے تحت صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دے گی: شہباز شریف

جمعہ 15 مئی 2015 09:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2015ء)پنجاب حکومت نے ماہ رمضان میں کھانے پینے کی اشیاء پر 6 ارب روپے کے سبسڈی پیکج کا اعلان کر دیا۔ مذکورہ رقم میں تقریباً 80 فیصد چینی‘ 5 ارب روپے گندم رمضان بازاروں میں دستیاب آٹا کے ساتھ کھلی مارکیٹ میں دستیاب اشیاء خورد و نوش پر سبسڈی کے طور پر خرچ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے بھر میں 400 رمضان بازار وں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جن میں گندم‘ آٹا‘ چاول‘ پھل‘ سبزی اور دیگر خورد و نوش اشیاء ضروریات سبسڈی ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔

رمضان بازار میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں مارکیٹ کی قیمتوں میں واضح فرق ہو گا۔ مزید تفصیلات کے مطابق گندم کا آٹا مارکیٹ کی قیمت کے لحاظ سے 80 سے 100 روپے کم قیمت پر دستیاب ہو گا جبکہ چینی کی قیمت 10 روپے کم پر فروخت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس طرح دیگر مصنوعات میں پیاز‘ الو‘ کیلا‘ سیب واضح کمی پر فروخت ہوں گے۔ اس حوالے سے پارلیمانی صوبائی وزیر رانا محمد ارشد کا کہنا ہے کہ تحصیل اور صوبائی سطح پر 16 جون سے رمضان بازاروں کے قیام کا عمل مکمل کر لیا جائے گا جسے قومی و صوبائی اسمبلی ممبران باقاعدہ چیک کریں گے تاکہ اشیاء خورد و نوش سبسڈی کے ساتھ عوام تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔

رمضان پیکج پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بریفنگ میں شریک ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ زراعت اور پاکستان کے یوٹیلٹی کارپوریشن دونوں اطراف سے رمضان بازاروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے - رمضان پیکیج کے تحت عوام کو رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں سستے آٹے کے تھیلے فراہم کئے جائیں گے-صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

اوپن مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 90 روپے جبکہ رمضان بازاروں میں 130 روپے کم قیمت پر ملے گا- وزیر اعلی شہباز شریف نے اس امر کی منظوری گزشتہ روز یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی - وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے خصوصی پیکیج دے رہی ہے جس کے تحت عوام کو رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی ، دالیں ، گھی ، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے-انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 318 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 17 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہوجائیں گے-چینی رمضان بازاروں میں مارکیٹ سے 8 روپے فی کلو کم نرخوں پر دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت 335 فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جبکہ 147 گرین چینل بھی کھولے جائیں گے جہاں کسان براہ راست اپنی اشیاء فروخت کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈے اور مرغی کا گوشت مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں سستے داموں دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے-دالیں اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

تمام وزراء اور سیکرٹری صاحبان رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کیلئے دورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازار رمضان المبارک کی آمد سے 3 روز قبل کام شروع کردیں گے۔ سستے آٹے کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔معیاری اشیائے ضروریہ، پھل اور سبزیاں رمضان بازاروں میں سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔

انہو ں نے کہا کہ کسی بھی ضروری اشیاء پھل یا سبزی کی قلت نہیں ہونی چاہیئے۔اگر کسی اشیاء کی قلت کی خدشہ ہے تو اسے ابھی سے امپورٹ کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی میں کوئی بہانے بازی نہیں چلے گی۔ اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دالیں اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جن اضلاع کے ڈی سی اوز دالو ں کے سٹاک سامنے لائے ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ اس ضمن میں غلط ڈیکلریشن دینے والے انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں 2 ہزار مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے جہاں مفت افطاری کی سہولت میسر ہوگی۔

صوبائی وزراء بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، چوہدری محمد شفیق، معاون خصوصی ارشد جٹ، اراکین صوبائی اسمبلی ، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ افسران ماڈل ٹاؤن میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :