پرویز خٹک کا صوبائی ارکان سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا ،وفاق نے خیبرپختونخوا کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی، معاملات طے پا گئے، پرویز خٹک کو پارلیمنٹ ہاؤ س میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ، خواجہ آ صف خود آ کر وزیر اعلی کے پی کے کو اپنے چیمبر میں لے کر گئے،لوڈشیڈنگ اور اقتصادی راہداری پر تقریباً ایک گھنٹہ بات چیت، خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق کو 24 نکاتی مطالبات پیش کئے، مسائل کے حل کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دینے پر اتفاق، مذاکرات کافی حد تک کامیاب ہو گئے ہیں،پرویز خٹک کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 مئی 2015 08:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مئی۔2015ء) وفاق اور خیبرپختونخواحکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے جس کے تحت بجلی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے وفاق کو ایک ہفتے کی مہلت دینے پر اتفاق ہو گیا ہے‘ وفاقی حکومت نے صوبے کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک نے منگل کے روز بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت صوبے کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صوبائی اسمبلی کے اراکین کے ہمراہ دھرنا دیا جس میں صوبائی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین شریک تھے اس دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو پارلیمنٹ کے اندر جانے سے روک لیا گیا جس پر وفاقی وزیر بجلی و پانی خواجہ آصف سخت سیکیور ٹی میں باہر آئے اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ کو اپنے ساتھ لیکر چیمبر میں چلے گئے جہاں دونوں کے درمیان لوڈشیڈنگ اور اقتصادی راہداری پر تقریباً ایک گھنٹہ بات چیت جاری رہی۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق کو 24 نکاتی مطالبات پیش کئے جس کے جواب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی نے صوبائی حکومت کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس کے تحت وفاق کو ایک ہفتے کی مہلت دیدی گئی ہے۔ دونوں رہنما ملاقات کے بعد باہر آئے تو انکے ہمراہ جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق بھی تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ آج کے مذاکرات کافی حد تک کامیاب ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے خواجہ آصف نے ہمارے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جس کے پیش نظر جمعہ کو ایک میٹنگ طلب کر لی گئی ہے جس میں ان تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ہمارے مطالبات میں لوڈشیڈنگ‘ گیس کا بحران اور گوادر روٹ کے اوپر صوبہ کے پی کے کو اعتراضات پائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے ہمیں ان مسائل کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے اس موقع پر خواجہ آصف نے بھی کہا کہ تمام مسائل کو بیٹھ کر حل کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق بھی اس موقع پر موجود تھے انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے جائز مطالبات وفاق کو حل کرنے چاہئیں انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ خواجہ آصف نے جو وعدہ کیا ہے اس پر عمل بھی کیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کے تمام مسائل کو بیٹھ کر حل کیا جائے گا جس کیلئے ہم نے میٹنگ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کے پی کے کے تمام جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔