عدم برداشت کے باعث معاشرہ زوال کا شکار ہے، خواجہ آصف ،بے نظیر دور میں کیپکو اور نوازشریف کے دور میں ایک بینک کی نجکاری ہوئی آج وہ بنک سوا سوارب انکم دے رہا ہے،پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے ایک بلین ڈالر کی منتقلی ہوئی،کراچی کی ترقی نہ ہونے کے پیچھے گورننس کا رول بڑا سوالیہ نشان ہے،سینٹ میں اعتزاز احسن کی تقریر پر اظہار خیال

منگل 12 مئی 2015 08:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں عدم برداشت نہ ہونے کی وجہ سے معاشرہ زوال کا شکار ہے،بے نظیر بھٹو کے دور میں کیپکو اور نوازشریف کے دور میں ایک بینک کو پرائیویٹائز کیا گیا اور آج وہ بنک سوا سوارب انکم دے رہا ہے،پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے ایک بلین ڈالر کی منتقلی ہوئی،کراچی کی ترقی نہ ہونے کے پیچھے گورننس کا رول بڑا سوالیہ نشان ہے۔

پیر کے روز وزیردفاع خواجہ آصف نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر اعتزاز احسن کی تقریر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت ہمارے ملک اور معاشرے کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے معاشرہ زوال کی طرف جارہا ہے لیکن آج اگر ہم اس پر توجہ دیں تو دیر نہیں ہوئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے دوروں میں کئی اداروں کو پرائیویٹ کیا گیا جنہوں نے بڑے مثبت نتائج دئیے ہیں،ان میں بے نظیر بھٹو کے دور حکومت میں کیپکو کو پرائیویٹ کیا گیا،پی ٹی سی ایل کی نجکاری سے ایک بلین ڈالر کی منتقلی ہورہی ہے،نوازشریف کے دور میں ایک بنک کو پرائیویٹائز کیاگیا جو کہ سوا سو ارب کی انکم دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں جن شہروں میں مشترکہ ائیرپورٹس ہیں ان پر اب کوشش کرینگے کہ کمرشل سرگرمیاں نہ ہوں۔وزیردفاع نے کراچی کی ترقی کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی میں گورننس ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے جس نے پچھلی ڈیڑھ دہائی سے کراچی کی خوشحالی پر توجہ نہیں دی ہے،آج بھی سیاسی منشاء ہو تو کراچی آباد ہوسکتا ہے،پاکستان کو بنگلہ دیش کے ساتھ نہ ملایا جائے،بنگلہ دیش آج بھی کئی سیکٹرز میں ہم سے پیچھے ہے اور بطور اسلامی ملک ہم پہلی ایٹمی طاقت ہیں