ایم کیو ایم گورنر سندھ عشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ،ابتدا میں گورنر سندھ نے قائد تحریک کا ویژن سامنے رکھا ،بعد میں ان کے طرز عمل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، گورنر کا علامتی عہدہ ہم نے سندھ کے امن کے لیے قبول کیا، عشرت العباد کارکنوں کے قتل میں ملوث افرادکو گرفتار کرانے میں ناکام رہے،فاروق ستار کی پریس کانفرنس

منگل 12 مئی 2015 08:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے14سال 4ماہ 15د ن سے گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات ڈاکٹرعشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔کراچی میں ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ابتدا میں گورنر سندھ نے قائد تحریک کا ویژن سامنے رکھا تاہم بعد میں ان کے طرز عمل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں متحدہ کے کارکنوں کا قتل عام ہوا، بستیو ں پرحملے ہوئے اور یہ تمام مظالم گورنرسندھ کے سامنے رکھے گئے۔فاروق ستار نے کہا کہ گورنر کا علامتی عہدہ ہم نے سندھ کے امن کے لیے قبول کیا، عشرت العباد کارکنوں کے قتل میں ملوث افرادکو گرفتار کرانے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے ٹارگیٹڈ آپریشن کا فیصلہ کیاگیا، دعا ہے کہ ٹارگیٹڈ آپریشن سے کراچی میں امن وامان قائم ہو تاہم اس دوران مہاجر بستیوں کا محاصرہ کیاگیا۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی آپریشن مقاصد سے ہٹ گیا، گورنر نے کچھ نہ کیا، کئی بارمطالبے کے باوجود آج تک مانیٹرنگ کمیٹی قائم نہیں کی گئی جس کی ہدایت وزیراعظم نواز شریف نے خود دی تھی۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ توجہ دلانے کے باوجود عشرت العباد نے مظالم نہ رکوائے، بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کرکے جرائم میں ملوث کیا جارہا ہے جبکہ ہمارے 1200کارکنوں کے قاتل آج تک آزاد گھوم رہے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ آپریشن میں شہریوں کی عزت نفس کو مجروح اور پارٹی کے سیاسی کردار کو ختم کرنے لیے آپریشن کا استعمال کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد نے 27دسمبر 2002کو گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایاتھا اور اب تک ڈاکٹر عشرت العباد کو گورنر سندھ کے عہدے پر فائر ہوئے 14سال 4ماہ 15دن ہوچکے ہیں۔