سپریم کورٹ، خواجہ سعد رفیق کے خلا ف الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل،الیکشن ٹریبونل سے انتخابات کا تمام ریکارڈ طلب فریقین کو نوٹس جاری ، مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر اپنی نشست پر بحال رہیں گے،سپریم کورٹ

منگل 12 مئی 2015 08:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کو معطل کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر کو ان کی نشست پر بحال کر دیا ۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کر دیا ۔پیر کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر کی درخواست پر مقدمے کی سماعت کی ۔

خواجہ سعد رفیق نے الیکشن ٹریبونل فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ جس میں جسٹس دوست محمد ، جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس عمر بندیال شامل تھے ۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت کو چار ہفتوں کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سننے کے لئے درخواست منظور کر لی اور حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسملی خواجہ سعد رفیق اور صوبائی رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر کو ان کی نشست پر بحال کر دیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب تک مقدمے کی سماعت مکمل نہیں ہو جاتی تب تک خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر اپنی نشست پر بحال رہیں گے ۔ خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خواجہ حارث پیش ہوئے جبکہ حامد خان کی طرف سے احمد اویس پیش ہوئے ۔عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ الیکشن ٹریبونل سے انتخابات کا تمام ریکارڈ طلب بھی طلب کر لیا ہے ۔