اقتدار کی طوالت ، وزیراعظم کا گریڈ22 افسران اور ججز کو نوازنے کا منصوبہ ، اسلام آباد میں دو دو پلاٹ د ئیے جائیں گے،نوازشریف نے وزارت ہاؤسنگ کی سمری پر دستخط کردئیے ،ترجمان ہاؤسنگ کا اظہار لاعلمی

پیر 11 مئی 2015 07:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے دور اقتدار کو طول دینے کے لیے گریڈ22سمیت اعلی عدلیہ کے ججز کو نوازنے کا منصوبہ پر باقاعدہ عمل شروع کرتے ہوئے اسلام آباد میں دو دو پلاٹ دینے کی منظوری دیدی ہے۔سابق ادوار میں حرام قرار دیا جانے والا عمل حلال سمجھ کر وزیر اعظم نے وزارت ہاؤسنگ کی سمری پر دستخط کر دئیے ،جبکہ ترجمان ہاؤسنگ نے لاعلمی اظہار کر دیا۔

معلومات کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشر ف کی جانب سے دیے جانے والے گریڈ بائیس کے افسران اور ججز کو پلاٹ کی سمری کواپنا دور اقتدار سنبھالتے ہوئے حقار ت کی نظر رکھتے ہوئے مسترد کر دیا تھا اور حکم دیا تھا کہ آئندہ ایسا عمل نہیں کیا جائیگا جس سے رشوت اور نوازنے کی بو آتی ہو۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیرمین موجودہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی پلاٹس سیا ست کو بے حد تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پالیسی کو فوری بند کرنے کی سفارش کی تھی مگر پیپلز پارٹی کی حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی ، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی سب سے پہلے سابق ادوار کی اس نوازشات کی پالیسی کو کالعدم قرار دے دیاتھا۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی معلومات کے مطابق وزارت ہاؤسنگ کو وزیر اعظم ہاؤس سے بتایا گیا کہ پلاٹس کی سمری بھیجی جائے تاکہ اسے منظور کروایا جا سکے ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت ہاؤسنگ کا قلمدان جمعیت علماء اسلام کو اس لیے سونپا جاتا ہے انکے بھی چند پراجیکٹ ابھی تک زیر تکمیل ہیں،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیوروکریٹس اورججز کو پلاٹ دینے کی سفارش جمعیت علماء اسلام نے کی تھی تاکہ انکے نامکمل پراجیکٹ مکمل کیے جا سکیں دوسر ی جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ حکومت کو اندازہ ہونے لگا ہے کہ بیوروکریٹس اور سیکرٹریز کو نوازے جانے کے بغیر انکے پانچ سال مکمل کرنا ناممکن ہے اس لیے انہوں نے اپنی رد کی ہوئی پالیسی کو پھر سے جامع عمل بنا دیا ہے۔

خبر کی تصدیق کے لیے وزارت ہاؤسنگ کے ترجمان دین کلام سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ انکے علم ایسی بات نہیں ہے تاہم ایسا عمل ممکن ہے ناممکن نہیں۔