نادرا رپورٹ کے بعد این اے 122پر پورے حلقے کے نتائج کی ساکھ مشکوک ہو چکی ہے، عمران خان

اتوار 10 مئی 2015 07:11

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ NA-122میں نادرا کی جانب سے بڑے پیمانے پر دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد پورے حلقے کے مجموعی نتائج کی ساکھ مشکوک ہو چکی ہے۔ نادرا نے اپنی رپورٹ میں NA-122کے ووٹنگ ریکارڈ میں بہت سے نقائص کی نشاندہی کی ہے اور بتایا ہے کہ کیسے مئی 2013کے انتخابات میں ایک ووٹر کی جانب سے متعدد ووٹ ڈالے گئے اور رسیدوں پر انگوٹھوں کے نشان ثبت کرنے سے گریز کیا گیا، کیونکہ جانچ کے عمل کے دوران NA-122میں بہت سے ڈپلیکیٹ ووٹس اور انگوٹھوں کے نشانات کے بغیر رسیدیں سامنے آئیں جبکہ ایسے ووٹ بھی ملے جن کا اس حلقے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ نادرا کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز پر پڑنے والے بارہ ہزار ووٹوں کے علاوہ بھی تین ہزار مزید جعلی ووٹوں کی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا کہ حلقے میں ڈالے جانے والے مجموعی ووٹوں کے محض 40فیصد کی تصدیق ہی ممکن ہو سکی، چنانچہ ان کے مطابق نادرا نے تقریباً 73000ووٹوں کی تصدیق کی جبکہ اس کی جانب سے بہت سے نقائص کی نشاندہی کے بعد NA-122میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ثابت ہو چکی ہے اور حلقے کے مجموعی نتائج پر ایک بڑا سوالیہ نشان عائد ہوچکا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکن فرحان کی حادثاتی موت پر انتہائی رنج اور افسوس کا اظہار کیااور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرحان جیسے وفاشعار اور محنتی نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں۔ ان کی حادثاتی موت سے دلی رنج اور صدمہ پہنچا ہے۔ اللہ رب العزت مرحوم کارکن کی مغفرت اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ تحریک انصاف دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں فرحان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :