کراچی، ٹارگٹ کلنگ پھر شروع ، سابق ڈی ایس پی3اہلکار فائرنگ سے شہید،سندھ حکومت شہر میں قیام امن کیلئے سیکورٹی مزید بڑھا ئے، وزیر اعظم، وزیر اعظم کی ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کی مذمت، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی

اتوار 10 مئی 2015 07:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء)کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ایک بار پھر شروع ہوئی،شہرقائد میں ایک روز میں سابق ڈی ایس پی پولیس سمیت3اہلکار اور ڈاکٹر ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق ڈی ایس پی پولیس ذوالفقار زیدی شاہ فیصل کالونی نمبر2کے عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب ہوٹل میں رات کا کھانا کھا رہا تھا کہ اچانک2موٹرسائیکل پر4افراد پر مشتمل نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ذوالفقار زیدی موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور شہزاد زخمی ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سیکورٹی انچارج تھے،کراچی شہر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا ڈی ایس پی اہلکار ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوا ہے،اسکے علاوہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران3مزید پولیس اہلکاروں سمیت ایک ڈاکٹر قتل کردئیے گئے،ایس ایس پی کورنگی جنید شیخ نے ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی مزید بڑھائی جائے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں سابق پولیس افسر ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے نامعلوم افراد کے جانب سے قتل کئے جانے پر سخت افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کا کردار بہت ضروری ہے،پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قتل کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے،علاوہ ازیں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی اس علاقے میں بڑے نوعیت کے واقعات ہوئے ہیں،پولیس نے تمام واقعات کے ملزمان گرفتار کئے ہیں،ہمیں امید ہے کہ اس واقعے کے ملزمان جلد از جلد گرفتار کرینگے،اس حوالے سے تحقیقات درست سمت میں جاری ہے،بہت جلد ملزم کو گرفتار کرینگے