نادرا نے الیکشن ٹر بیونل میں لاہور سے این اے 122 کی فرانزک رپورٹ جمع کرا دی

اتوار 10 مئی 2015 07:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2015ء) الیکشن ٹر بیونل لاہور کے روبرو نادرا نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کی فرانزک رپورٹ جمع کرا دی ۔لاہور میں الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر میں الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم علی ملک نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 پر مبینہ دھاندلی کے خلاف انتخابی عُذر داری کی سماعت کی ۔ دوران سماعت نادرا نے 781 صفحات پر مشتمل حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی سر بمہر فرانزک رپورٹ پیش کردی۔

رپورٹ کے مطابق این اے 122 میں عام انتخابات کے دوران ایک لاکھ 84 ہزار 151 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 73 ہزار 478 انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق جب کہ ایک لاکھ 36 ہزار ووٹرز کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہیں ہوئی۔ 570 ووٹرزحلقے میں رجسٹرڈ ہی نہیں تھے اور 255 ووٹوں پردہرے شناختی کارڈ نمبر پائے گئے، اس کے علاوہ 370 ووٹوں پر شناختی کارڈ نمبر واضح نہیں تھا جبکہ ایک ہزار 715 کاوٴنٹر فائلز پر فنگرپرنٹس بھی موجود نہیں۔

(جاری ہے)

ٹربیونل نے نادرا کی رپورٹ کی کاپیاں فریقین کے وکلا کے حوالے کردیں جس کے بعد ڈی جی نادرا کا بیان قلمبند کرنے کے لیے16مئی کو طلب کرلیا۔کیس کی مزید سماعت 16 مئی کو ہوگی۔ لاہور سے این اے 122 سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 93ہزار3سے نواسی ووٹ لیکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل عمران خان 84ہزار517ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ درخواست گذار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حلقے میں مبینہ دھاندلی کے خلاف انتخابی عُذر داری درخواست دائر کررکھی ہے۔