سراج الحق کا نلتر ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار،متاثرہ خاندانوں سے تعزیت ،جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صوبے کے حقوق کیلئے احتجاج اور دھرنا دیگی، وفاق صوبوں کا حقوق دینے سے کترا رہا ہے،جیسے جیسے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی آگے بڑھتی ہے حکمرانوں کے رنگ اڑ تے جا رہے ہیں، دال میں کچھ تو کالا ہے اور بہت کالا ہے،پی کے 95 ضمنی انتخابات میں خواتین اپنی مرضی سے ووٹ ڈالنے نہیں آئیں،الطاف حسین کی بات اور معافی پر کوئی یقین نہیں کرتا ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 مئی 2015 07:46

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے نلتر ہیلی کاپٹر حادثے میں غیر ملکی سفراء سمیت دیگر افراد کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ کے ساتھ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے صوبے کے حقوق کے حصول کی خاطر احتجاج اور دھرنا دینگے تمام صوبوں کے ساتھ بلاامتیاز سلوک ہونا چاہیے وفاق صوبوں کا حقوق دینے سے کترا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آکر شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ اگلے تین مہینوں کے اندر ملک سے اندھیرے ختم کردینگے لیکن ایسا نہیں ہوا پورا ملک لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے اٹھارہ سے سولہ گھنٹے کے لوڈ شیڈنگ دن کا معمول بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف سمیت وفاقی حکومت کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کا کوئی فارمولہ نظرنہیں آرہا ہے حکومت 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کرسکتی انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری غربت کے پیمانے میں اضافہ ہورہا ہے نوجوان طبقہ ہاتھ میں ڈگریاں رکھ کردھکے کھار ہاہے، انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کارروائی کے حوالے سے کہا کہ جیسے جیسے کمیشن کی کارروائی آگے بڑ ھ رہی ہے ،حکمرانوں کے رنگ اڑ جاتے ہیں ،دال میں کچھ تو کالا ہے اور بہت کالا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی کے 95 ضمنی انتخابات میں خواتین کوووٹ ڈالنے کا کوئی معاہدہ نہیں تھا خواتین اپنی مرضی سے ووٹ ڈالنے نہیں آئیں حالانکہ جماعت اسلامی کے کارکنان اس حوالے سے بہت کام کیا کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایسا کوئی اقدام نظر نہیں آیا جس میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکے رکھا سیاسی جماعتوں کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ سیاست تجارت بن چکی ہے چند لاکھ خرچ کرکے کروڑ بنالیتے ہیں سیاست عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کے حوالے سے کہا کہ الطاف حسین کی بات پر اور معافی پر کوئی یقین نہیں کرتا ۔