رجب طیب اردوان ہسپتال کو 500 بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال بنانیکا اعلان ،میڈیکل کالج بھی بنے گا،شہبازشریف،ترک صدر اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کاویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا،سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کے افتتاح سے پاک ترک دوستی کا ایک اور سنگ میل عبور ہوا ہے، پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان ، دو قالب ہیں،سیلاب کے دوران ترک حکومت اور عوام کے تعاون کو پاکستانی کبھی فراموش نہیں کر سکتے ، ترکی نے رجب طیب اردوان کی قیادت میں مثالی ترقی کی ہے، آپ ترکی کے عظیم لیڈر ہیں جس پر ترک قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب ، پوری پاکستانی قوم بہادری سے دہشت گردی اور دیگر مسائل کا مقابلہ کر رہی ہے جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں،ترک صدر

جمعہ 8 مئی 2015 06:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں ترک حکومت اور عوام کے تعاون سے بنائے گئے سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کاویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کیا۔ ترک صدر نے ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبا کر ہسپتال کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

انقرہ میں منعقدہ تقریب میں ترکی کے نائب وزیراعظم، وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور ٹیکا(TIKA ) کے صدر جبکہ مظفرگڑھ میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پاکستان میں ترکی کے سفیر ایس بابر گرگن اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ماہرین صحت، دانشوروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ترکی کے صدر کی جانب سے رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کا ویڈیولنک کے ذریعے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک عظیم دن ہے جب ترک حکومت اور عوام کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور ترکی کی دوستی کا ایک اور سنگ میل عبور ہوا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے عوام یکجان ، دو قالب ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کی دوستی بھائیوں سے بھی بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ بہترین اور شاندار ہسپتال بنایا گیا ہے اور یہ ہسپتال ایک بھائی کی مشکل کی گھڑی میں دوسرے بھائی کی مدد کی شاندار مثال ہے۔

پاکستان میں اس پائے کا کوئی ہسپتال موجود نہیں - انہوں نے انقرہ میں موجود ترک صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام 2010 کے سیلاب کے دوران آپ کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ آپ 2010 میں اپنی بیٹی کے ہمراہ یہاں آئے اور پانیوں میں گھرے پاکستانی بھائیوں کے دکھ دردکو محسوس کرتے ہوئے ان کی بھرپور مدد کی، حتیٰ کہ آپ کی اہلیہ ترکی کی خاتون اول بھی پاکستانی بھائیوں کی مدد کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کی غرض سے انقرہ، استنبول، قونیہ اور ترکی کے دیگر شہروں میں گئیں اور عطیات جمع کئے جس سے جدید طبی سہولتوں سے مزین یہ شا ہکار ہسپتال تعمیر ہواہے ۔

پاکستان کے عوام آپ کے خلوص ،محبت ، پیاراو ربھائے چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے - انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین قائم دوستی کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ دونوں ملکوں میں تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور مضبوط معاشی تعلقات قائم ہیں۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کی جنگ آزادی میں ترکوں کا بھرپور ساتھ دیا۔ امن ہو یا جنگ یا کوئی اور قدرتی آفت،ترکی کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جناب صدر! آپ نے نہ صرف مظفرگڑھ میں ہسپتال قائم کیا بلکہ اسے چلانے کیلئے ڈاکٹرز بھی بھجوائے۔ ہسپتال میں جدید اور بہترین طبی سہولیات میسر ہیں۔ مریضوں کیلئے ادویات اور تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت ہسپتال چلانے کیلئے فنڈز مہیا کرتی ہے جبکہ این جی او ”انڈس“ ہسپتال کے نظام کو چلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہسپتال کی تعمیر میں ترک حکومت اور عوام کے تعاون پر آپ کیبے حد شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہ ترکی نے آپ کی قیادت میں مثالی ترقی کی ہے اور ترکی دنیا کی 16 ویں بڑی معیشت بن چکا ہے۔ آپ ترکی کے عظیم لیڈر ہیں جس پر ترک قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ نے ایک ہسپتال کا تحفہ دیا ہے اسی طرح علاقے کیلئے آپ کی اہلیہ کے نام سے منسوب امینہ طیب اردوان سکول بھی آپ کا شاندار تحفہ ہے۔ آپ سے درخواست گزار ہوں کہ آپ جلد پاکستان کا دورہ کریں اور اس سکول کا اپنے دست مبارک سے افتتاح کریں۔

پاکستان کے عوام آپ کیلئے چشم براہ ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی دن ہے جب ترک حکومت اور عوام کی خون پسینے کی کمائی سے بنائے گئے شاندار ہسپتال کا افتتاح ہوا ہے۔ رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال ترک حکومت اور عوام کا پاکستان، پنجاب، بالخصوص جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جو تمام ضروری جدید طبی سہولیات سے لیس ہے۔

نفع نقصان کے بغیر ہسپتال کا نظام چلایا جا رہا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت میں یہ ادارہ پیش پیش ہے اور آج ہسپتال میں آرتھوپیڈک کا شعبہ بھی شروع کیا گیاہے جس سے معذور افراد کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی - یقینا یہ ہسپتال پاکستان کے تمام ہسپتالوں کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی سے بڑی عبادت سے کم نہیں ہے اور اس کا اجر اللہ تعالیٰ دے گا۔

پاکستان میں شاید ہی کوئی ہسپتال رجب طیب اردوان ہسپتال کے پائے کا ہو۔اس ہسپتال میں نہ تو ہڑتال ہوتی ہے، نہ ہی ٹائر جلائے جاتے ہیں اور نہ یہاں کام بند ہوتا ہے اور یہی چیز اسے دوسرے ہسپتالوں سے ممتاز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنا ہوگا اورشعبہ صحت میں اسی ہسپتال کے ماڈل کو اپنا کر آگے بڑھنا ہوگاتاکہ احساس ذمہ داری کے ساتھ خدمت انسانیت کا مشن بھی پورا ہواور اس ہسپتال کی خوشبو پاکستان کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز و ٹی ایچ کیوز اور دیہی و بنیادی مراکز صحت تک پہنچانے کے لئے دن رات محنت کرنا ہوگی تاکہ پاکستان کو حقیقی معنو ں میں اسلامی فلاحی مملکت بنایا جا سکے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا تھا- انہوں نے کہا رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال پاک ترک دوستی کا اعلیٰ نمونہ ہے اور ترک بھائیوں کی پاکستانی بھائیوں کے ساتھ والہانہ محبت کی لازوال مثال ہے۔

وزیراعلیٰ نے 100 بیڈز پر مشتمل رجب طیب اردوان ہسپتال کو 500 بستروں تک بڑھاکر ٹیچنگ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس با ت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہاں میڈیکل کالج، نرسوں کا تربیتی ادارہ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے بھی بنائے جائیں گے۔ اربوں روپے کے اس منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال فنڈز رکھے جائیں گے۔ منصوبے کے لئے جگہ کا انتخاب اور ڈیزائن تیار کیا جا چکا ہے اور یہ تمام منصوبے 2سال میں مکمل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک ایسا شاندار تحفہ ہے جس کے آگے پورے پاکستان کے سرکاری ہسپتال شرما جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اور ہم اس مقصد کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت ہماری مدد کی منتظر ہے، ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے میدان عمل میں آنا ہے۔

رجب طیب اردوان ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کا شاندار شاہکار ہے۔ اس مثالی ہسپتال کو آئندہ دو سالوں میں 500 بستروں تک لے جایا جائے گا اور یہ ایسا ہسپتال بنے گا جہاں کراچی اور لاہور کے مریض بھی علاج کیلئے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں مشیر صحت، سیکرٹری صحت، ان کی ٹیم، این جی او انڈس کے سربراہ ڈاکٹر باری اور میاں احسن کی کاوشوں پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم محنت، امانت، دیانت کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔قبل ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے-انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم بہادری سے دہشت گردی اور دیگر مسائل کا مقابلہ کر رہی ہے جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں - پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت اور تمام سٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری سے برسرپیکار ہیں اور بہت جلد پاکستان مسائل سے نکلے گا اور معاشی طو رپر مضبوط ملک بن کر ابھرے گا -انہوں نے عالمی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ کو بے پناہ مثال کا سامناہے اور ان مسائل کے حل کے لئے پوری امت کو مل کر کام کرناہے-