پاکستان ، مالدیپ کاتعلیم ،صحت او ردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،یادداشتوں پر دستخط ،وزیر اعظم نواز شریف سے عبد اللہ یامین عبد القیوم کی ملاقات ،مالدیپ کے دورہ کی دعوت دی،،خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں،،دونوں ممالک گہرے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں،مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 8 مئی 2015 06:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 مئی۔2015ء)پاکستان اور مالدیپ نے تعلیم ،صحت،منشیات کی روک تھام اور عوامی رابطوں اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے اور یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔جمعرات کے روزیہاں وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ یادداشتوں تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف نے مالدیپ کے صدر عبد اللہ یامین عبدالقیوم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کا دورہ پاکستان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،پاکستان اور مالدیپ کے درمیان انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ مالدیپ کے صدر کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان مالدیپ کے ساتھ مزید تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان عوامی رابطوں کو بڑھایا جائیگا ،پاکستان خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مالدیپ کے صدر عبد اللہ یامین عبد القیوم نے نے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک استقبال کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ گہرے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ مالدیپ میں سونامی جیسی قدرتی آفت میں پاکستان نے بھر پور مدد کی ہے جس پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں،پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں سچا اور مخلص دوست ثابت ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاع اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون بڑھائیں گے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان بھی اسی مقصد کے لئے تھا اور اُمید ہے کہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں اور تعاون کی نئی راہ ہموار ہوں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف سے مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبد القیوم نے یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے ،دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات ،مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر مالدیپ کے صدر نے وزیر اعظم نواز شریف کو مالدیپ کے دورے کی دعوت بھی دی جسے وزیر اعظم نواز شریف نے قبول کر لی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ،پاکستان اور مالدیپ نے تعلیم کھیل،صحت،انسداد منشیات کی روک ،عوام رابطوں کی بحالی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ،وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ مالدیپ کے وفد کی قیادت مالدیپی صدر عبد اللہ یامین عبد القیوم نے کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر،وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ ،وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :