دھرنا انقلابی جدوجہد کا ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے، طاہرالقادری، سیاسی قیادت نے لوٹ مار کی کمائی کے بل بوتے پر 20کروڑ عوام اور جمہوری نظام کو یرغمال بنارکھا ہے، ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب

منگل 5 مئی 2015 08:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مئی۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرنا ہماری انقلابی جدوجہد کا فقط ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے۔ سیاسی قیادت نے لوٹ مار کی کمائی کے بل بوتے پر 20کروڑ عوام اور جمہوری نظام کو یرغمال بنارکھا ہے۔ یہ کیسی جمہوریت اور انصاف کا نظام ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے پرامن کارکنوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں پر ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار کئی گھنٹے سیدھی فائرنگ کرتے رہے 14شہید اور 90کو شدید زخمی کر دیا اور تاحال ایک کانسٹیبل بھی گرفتار نہیں ہو سکا؟۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس سے ٹورنٹو کینیڈا سے ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

فیڈرل کونسل کے اجلاس میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 700 سے زائد ممبر ز نے شرکت کی۔ فیڈرل کونسل کا اجلاس 14گھنٹے مسلسل جاری رہا اور سربراہ عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات، ملک بھر میں عوامی تحریک کی تنظیم نو، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تجاویز لیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پڑھی لکھی با شعور اور پر عزم یوتھ صرف اور صرف عوامی تحریک کے پاس ہے اس یوتھ نے دھرنے میں جعلی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کر کے ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک کے یہی نوجوان پاکستان میں تبدیلی لائیں گے اور 20کروڑ عوام کو انکے آئینی حقوق دلوائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کرپٹ اور جعلی لیڈروں کے لیے سیاسی انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی ۔

انہوں نے ملک بھر کی تنظیموں کو ہدایت کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، بلدیاتی انتخابات اور تنظیم سازی پر توجہ دیں۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عیار اور مکار حکمرانوں کی کوئی مکاری انہیں سزا سے نہیں بچا سکے گی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہمارا آج بھی وہی موقف ہے جو 17 جون 2014کی شام کو تھا ،انہوں نے کہا کہ ۔

مجھے فخر ہے کہ اپنے کارکنوں پر جنہوں نے لوٹ مار کی دولت کے پہاڑ رکھنے والے حکمرانوں کی ہر پیشکش اور دباؤ کو مسترد کر دیا۔ حکومت ہمارے کسی کارکن کو خرید سکی اور نہ ان کے حوصلے توڑ سکی۔ یہ عظیم کارکن صرف پاکستان عوامی تحریک کے پاس ہی ہیں یہی کارکن پاکستان کو ظالم اور قاتل حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :