پاک فوج کے خلاف بدکلامی کرنیوالے کی زبان کاٹ دی جائے گی ،عابد شیر علی،مسلح افواج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،میڈیا سے بات چیت

پیر 4 مئی 2015 06:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مئی۔2015ء) وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف جو بھی کوئی بدکلامی کے الفاظ استعمال کرے گا اس کی زبان کاٹ دی جائے گی اور ایسے لوگوں کو ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے پاکستان کی مسلح افواج نے قیام پاکستان کے بعد ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں اسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔

عابد شیر علی نے یہ بات میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ نائن زیرو میں رینجرز کے چھاپہ کے دوران ناجائز اسلحہ کے علاوہ جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے اور گرفتار افراد نے ایسے ایسے انکشافات کئے ہیں کہ انسانیت کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں انہوں نے کہا کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی کو بھی ملک کو توڑنے اور غیر ملکی طاقتوں خاص کا را جیسی ایجنسیوں کا سہارا نہیں لینے دیا جائے گا عابد شیر علی نے مزید کہا پاکستان میں انرجی بحران کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر مختلف پروگرام شروع کردیئے گئے ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں بہاولپور میں بھی انرجی پلانٹ کا وزیراعظم افتتاح کریں گے انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے اور بل ادا نہیں کئے جاتے وہاں بجلی کی مزید لوڈ شیڈنگ کی جائے گی اور جن شہروں اور دیہاتوں کے عوام بروقت بل ادا کررہے ہیں انہیں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری ادارے کروڑوں اربوں روپے کے نادہندہ ہیں انہوں نے خاص کر سندھ اور کراچی کے اداروں کا بھی ذکر کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری گزارش ہے کہ جن اداروں کے ذمے کروڑوں روپے کے واپڈا کے واجب الادا رقم ہے وہ فوری ادا کردیں تاکہ بجلی کے بحران کو کم سے کم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :