کراچی ٹارگٹ کلنگ ، ڈی ایس پی محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ،جاں بحق ہونے والوں میں ہیڈکانسٹیبل نذیر اور کانسٹیبل فاروق شامل ،ملزمان فائرنگ کے بعد گاڑی سے اسلحہ لیکر فرار ،مقدمہ درج ملزموں کی تلاش شروع ،وزیراعلیٰ سندھ قائم شاہ کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت ،آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 2 مئی 2015 08:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2015ء)کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی فتح محمد سانگر محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے ڈی ایس پی عبد الفتح اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے ڈرائیور اور محافظ کے ساتھ گاڑی سے روانہ ہوئے اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان نے گاڑی کی ریکی کی اور کراچی کے علاقے گلشن حدید میں باٹا موڑ کے مقام پر ڈی ایس پی کی گاڑی کو روک کر دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے ڈی ایس پی عبد الفتح محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل نذیر اور کانسٹیبل فاروق شامل ہیں۔

ملزمان گاڑی میں موجود اسلحہ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،پولیس کے مطابق فائرنگ کے عبد ڈی ایس پی اور دیگر اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں تینوں اہلکار ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے ،پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ٹارگٹ کلنگ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور آئی جی سندھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کی گرفتاری فوری طور پر عمل میں لائی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔