امت مسلمہ کی سب بڑ ی ناکامی اسلامی تعلیمات سے دوری ہے،،امام کعبہ، امت مسلمہ اختلافات بھلا کر متحد ہو جائے،ہم سب مسلمان ہیں،اللہ ،نبی اور کتاب ایک ہے،اختلافات پر افسوس ہے،،ہم سب اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیں اور کسی تفرقے کا شکار نہ ہوں، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فوقیت حاصل نہیں۔ شیخ خالد الغامدی کا فیصل مسجد میں خطبہ

ہفتہ 2 مئی 2015 08:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2015ء) امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے کہا ہے کہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا اور بہترین دین ہے‘ انسانیت کی عظمت تقویٰ پر ہے‘ رنگ و نسل پر نہیں، اسلام اتحاد اور اخوت کا درس دیتا ہے، دشمن کے خلاف کامیابی اتحاد سے ہی ممکن ہے، مسلمان سب اتحاد اور اخوت سے زندگی گزاریں کسی تفرقے میں نہ پڑیں‘ اسلام میں سب برابر ہیں‘ اللہ فرماتا ہے کسی گورے کو کالے پر کسی کالے کو گورے پر کوئی فوقیت حاصل نہیں، مسلمان تفرقے میں نہ پڑیں ہم سب کا اللہ، نبی اور کتاب ایک ہے،آج امت مسلمہ کی ناکامی کی وجہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا چھوڑنا ہے۔

جمعہ کے روز فیصل مسجد میں اپنے خطبے میں امام کعبہ شیخ الغامدی نے کہا کہ مسلمان کو قرآن و سنت کی تعلیمات اپنانا چاہئیں، راہ نجات صرف قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مومن دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو مومن مومن کا بھائی ہے اور اسلام بھی ہمیں متحد ہونے کا درس دیتا ہے۔ دین کی بنیاد ایک ہونے میں ہے۔ ہمیں مشکلات میں اپنے مسلمان بھائی کی مدد کرنی چاہئے۔

امام کعبہ الخالد حامد الغامدی نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم سب مسلمان ہیں ،ہمارا ، خدا ،نبی اور کتاب ایک ہے اس کے باوجود ہم سب اختلافات کا شکار ہیں جو افسوس ناک ہے ، انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی ناکامی کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چھوڑ دیا ہے اور اب ہم سب ایک ہونے کی بجائے مختلف گروہوں اور فرقوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ آج سے چودہ سو سال قبل حضرت محمد نے اس بات کا درس دیا تھا کہ ہم سب اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیں اور کسی تفرقے کا شکار نہ ہوں مگر افسوس کی بات ہے کہ ہم سب آج گروہوں میں تقسیم ہیں جس کا فائدہ غیر مسلم قوتیں اٹھا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ رسول اکرم نے بھی اس بات پر زور دیا تھا کہ اسلام میں رنگ و نسل کا فرق ختم کر دیا گیا ہے اور اللہ کے نزدیک وہی انسان سب سے زیادہ پسندیدہ ہے جو متقی اور پرہیز گار ہے ، ہمیں آج بھی اللہ اور اس کے رسول کے فرمودات پر عمل کرنا ہو گا تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکیں ۔امام کعبہ نے خطبہ کے دوران پاکستان میں امن وامان ،سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔