وزراء کی کارکردگی جانچنے کیلئے پرائم منسٹر ڈیلوری یونٹ نے کام شروع کر دیا ہے،ترجمان وزیر اعظم ہاؤس،وزیر اعظم ہفتہ وار وزراء کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے

جمعہ 1 مئی 2015 08:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء)وزراء کی کارکردگی جانچنے کیلئے وزیر اعظم ہاؤس کے ڈیلوری یونٹ نے اپنا کام شروع کر دیا ہے،وزیر اعظم نواز شریف ہفتہ وار وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق ملک نے بتایا کہ پرائم منسٹر ڈیلوری یونٹ (پی ایم ڈی یو)نے حکومتی وزراء کی کارکردگی جانچنے کیلئے اپنا کام شروع کر دیا ہے جبکہ یونٹ حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بھی نگرانی کرے گی ،وزیر اعظم نواز شریف کو پی ایم ڈی یو میں ہفتہ وار بریفنگ دی جائے گی ،حکومتی وزراء اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرائم منسٹر ڈیلوری یونٹ میں اعلیٰ اور بہترین کارکردگی کے حامل ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔

اس یونٹ سے تمام اداروں کی کارکردگی بہتر اور جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔