دھاندلی کے خلاف گواہیاں اور ثبوت پیش کر دیئے‘ فیصلہ جوڈیشل کمیشن کرے گا،سراج الحق، عمران خان کے دعویٰ کی نفی کرتے ہیں 2015ء میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 مئی 2015 07:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔یکم مئی ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عمران خان کے دعویٰ کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ 2015ء میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے‘ دھاندلی کے خلاف گواہیاں اور ثبوت پیش کر دیئے ہیں‘ فیصلہ جوڈیشل کمیشن کرے گا‘ حکومت نے دو سال میں مزدورون کے لئے کچھ نہیں کیا‘ یمن کے معاملے پر سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 2015ء میں عام انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ ہم نے دھاندلی کے خلاف تمام گواہیاں اور شواہد جوڈیشل کمیشن کو بھیج دیئے ہیں اب فیصلہ کرنا کمیشن کا کام ہے انہوں نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام سے ووٹ اور ٹیکس لے کر حکومت انہیں بھول جاتی ہے‘ حکومت نق مزدوروں کے لئے دو سال میں کچھ نہیں کیا ایوان کے دروازے مزدوروں کے لئے نہیں امیروں کے لئے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے سٹیٹس کو کیخلاف جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوان اگر اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں تو ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں کنٹونمنٹ انتخابات میں جماعت اسلامی نے اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم جماعت اسلامی کو ووٹ دینے پر عوام کے شکر گزار ہیں‘ انے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی پوری تیاری سے اترے گی‘ پاکستان میں سیاسی انار کی نہیں چاہتے سیاسی جرگہ نے قوم کو بحران سے نکالا ہے۔ یمن کے معاملے پر ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں تاہم پاکستان کو ترکی کو ساتھ ملا کر یمن کے معاملے کے پر امن حل کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔