اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ بنا کر ہم کسی طرح بھی ملک کی خدمت نہیں کررہے،احسن اقبال ،جس منصوبے سے پڑوسی ملک میں صف ماتم بچھ گئی اسے بلا وجہ متنازعہ بنانا مناسب نہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو، منصوبے کو دوسرا کالا باغ ڈیم بننے جارہا ہے،مسلم لیگ ن نے اسے متنازعہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ اسد عمر

بدھ 29 اپریل 2015 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے پلاننگ کمیشن کے اندر تمام جماعتوں کو بلا کر بریفنگ دی تھی، جس منصوبے سے پڑوسی ملک میں صف ماتم بچھ گئی اسے ملک میں بلا وجہ متنازعہ بنانا مناسب نہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں تمام پارٹیوں نے اتفاق کیا تھا کہ وزیراعظم پارٹی لیڈرز کو بلا کر اعتماد میں لیں گے تب تک اس حوالے سے کوئی بھی متنازعہ بیان نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو متنازعہ بنا کر ہم کسی طرح بھی ملک کی خدمت نہیں کررہے، منصوبے کے روٹس تبدیل کرنے کا واویلا خواہ مخواہ کیا جارہاہے، پاک چائنا اکنامک کوریڈور پر سب لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ سی این این اور وال اسٹریٹ جرنل پر منصوبے کے نقشے شائع ہوئے، اس میں تمام روٹس واضح ہیں ،ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، آج تک تبدیل شدہ نقشہ پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ اگر کسی کے پاس کوئی اور نقشہ ہے تو سامنے لائے۔

انہوں نے بتایا کہ اقتصادی راہداری کراچی ، کوئٹہ، لاہور اور پشاور کے روٹس پر مشتمل ہے جو چاروں صوبوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہوگا، ہمیں بھول کے بھی اسے متنازع بنانے کے الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہئیں۔اس موقع پر پا کستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور دوسرا کالا باغ ڈیم بننے جارہا ہے ،مسلم لیگ ن نے پاکستان اور چین کے اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور نئے منصوبے سیاست کی نذر ہو جائیں تو یہ افسوسناک اور ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا، چینی صدر کی آمد سے قبل تمام فیصلے ہوچکے تھے بعد میں پارٹیوں کو صرف بریفنک کیلئے بلایا گیا۔ ان کے بقول موجودہ حکومت جس طرح اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل کرنے جا رہی ہے یہ اسے بری طرح متنازع بنادے گا، یہ ملک کیلئے اگلا کالا باغ ڈیم بننے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ اس منصوبے کے حوالے سے نہ تو کسی کو اعتماد میں لیا اور نہ ہی تفصیلات بتائی جارہی ہیں، ہماری خواہش سے کچھ نہیں ہوسکتا، اب یہ بات تسلیم کر لینی چاہئے کہ اکنامک کوریڈور متنازع ہوچکا ہے اور تنازع بڑھتا جارہا ہے۔