ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن ماہانہ 5250 کردی گئی ہے، اسحاق ڈار ، آئی ایم ایف و دیگر مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالے سے تمام شکوک وشبہات بلاجواز ہیں، جلد ہی پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ دی جائے گی، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 26 اپریل 2015 04:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے حوالے سے تمام شکوک وشبہات بلاجواز ہیں اس حوالے سے جلد ہی پارلیمانی لیڈروں کو ایک بریفنگ دی جائے گی ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن ماہانہ 5250 کردی گئی ہے، آئی ایم ایف و دیگر مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہضم نہیں ہورہا انہیں بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ بی آئی پنشنرز کی پنشن 5250 ماہانہ تک بڑھا دی ہے وفاقی حکومت اور ای او بی آئی آدھا آدھا بوجھ برداشت کرینگے اٹھارہویں ترمیم کے بعد پنشنرز کو دیکھنا صوبوں کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن 3600 روپے سے بڑھا کر 5250 روپے ماہانہ کردی گئی ہے جو کہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہے پنشن کے بڑھنے سے تین لاکھ 37ہزار خاندانوں کو فائدہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ای او بی آء پنشنرز کی سالانہ رقم 6ارب 67کروڑ روپے بنتا ہے جو وفاقی حکومت اور ای او بی آئی مشترکہ طور پر آدھا آدھا برداشت کرینگے انہوں نے مزید کہا کہ ای او بی آئی کے ملازمین سرکاری نہیں ہیں اٹھارہویں ترمیم کے بعد سال 2011ء میں ای او بی آئی کا محکمہ صوبوں کو منتقل ہونا تھا مگر پنجاب کی جانب سے معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کی وجہ سے زیر التواء ہے ۔

اس معاملہ کو دیکھنے کے لیے وزیراعظم نے وزیر خزانہ کی قیادت میں ایک کمیٹی بنائی ہے اس حوالے سے ہم دیگر ممالک میں ای او بی آئی جیسے اداروں کو سڈی کررہے ہیں اور جلد ہی جامع رپورٹ دینگے وزیراعظم کی ہدایت پر ہم اپنے بزرگ لوگوں کا انسانی بنیادوں پر خیال رکھیں گے اور ان کا حق انہیں دینگے ۔