وزیراعظم نواز شریف کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال،برطانوی وزیراعظم کی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف ، پہلی جنگ عظیم کو 100 سال مکمل،لندن میں یادگاری دعائیہ تقریب کا انعقاد،وزیر اعظم نواز شریف سمیت عالمی رہنماؤں کی شرکت

اتوار 26 اپریل 2015 04:24

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہم منصب سے ڈیوڈ کیمرون سے لندن میں ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماوٴں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اورعالمی صورتحال بشمول مشرقی وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیا وزیراعظم نواز شریف ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچے توبرطانوی وزیراعظم کیمرون اپنے رہائش گاہ سے باہر آکر نواز شریف کو خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہم منصب کے ساتھ 30 منٹ تک ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ملکوں کے مابین حالیہ سالوں میں فروغ پانے والے تعلقات پراطمینان کااظہارکیااوریہ یقین ظاہرکیاکہ تجارت اورمعیشت سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط ہوں گے ۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے انتہاء پسندی اوردہشتگردی کواپنی سرزمین سے ختم کرنے کیلئے کوششوں میں دی جانے والی قربانیوں کوسراہااورکہاکہ برطانیہ اس حوالے سے پاکستان کی معاونت اورتعاون جاری رکھے گا،وزیراعظم نے بھی سیکورٹی اورانسداددہشتگردی کے شعبوں میں برطانیہ کے تعاون اورمعاونت کوسراہا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اورپاکستانی ہائی کمشنرسیدابن عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ،وزیراعظم نواز شریف برطانوی ہم منصب کی دعوت پراس وقت لندن میں ہیں اس سے قبل انہوں نے لندن میں پہلی جنگ عظیم کے صد سالہ تقریبات میں شرکت کی۔لندن میں پہلی جنگ عظیم گیلی پولی کی جنگ کو 100 سال مکمل ہونے پریادگاری دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا،وزیر اعظم نواز شریف سمیت عالمی رہنماؤں نے شرکت کی اور یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روزلندن میں پہلی جنگ عظیم کو 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ،شہزادہ ولیمز ،برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ،ترکی کے وزیر اعظم ،پاکستانی وزیر اعظم نوازشریف سمیت عالمی رہنماؤں نے شرکت کی اوریاد گار شہداء پر پھول چڑھائے ۔یہ تقریب گیلی پولی کی جنگ میں ہلاک ہونے والے اتحادی فوجیوں کی یاد گار میں منعقد کی گئی ،گیلی پولی کی یہ جنگ1915 ء میں برطانیہ نے اتحادیوں سے مل کر ترکی کے خلاف جنگ لڑی گئی جس میں ایک لاکھ31 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ،ہلاک ہونے والوں میں 86000 ترک فوجی تھے جبکہ 45000 اتحادی فوجی مارے گئے جن میں 25000 برطانوی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فرانس کے10 ہزار جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی کے 5,5 ہزار فوجی مارے گئے گیلی پولی کی اس جنگ میں45000 ہلاکتوں کے باوجود بری طرح شکست ہوگئی تھی۔