پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ سرتاج عزیز ، پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہے ، مشیر خارجہ کی ایشیا افریقہ کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 04:58

جکارتا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں جاری ایشیا افریقا کانفرنس سے خطاب میں کیا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گرد حملوں میں اب تک 60 ہزار سے زائد جانیں گنوائی ہیں. دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری جنگ میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی 75 فی صد آبادی ایشیا اور افریقا پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود عالمی تجارت میں ان براعظموں کا حصہ بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام امن کے متلاشی ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایشیائی اور افریقی مما لک کو خطے میں ترقی اور امن کے لئے تما م چیلنجز سے مشترکہ طور پر کوششیں کر نے کی ضرورت ہے ۔ مشیر خارجہ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہے اور انسداد دہشت گردی کے لئے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان جاری ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ایشیائی اور افریقی ممالک ہیں دہشت گردی کی جڑوں کے خاتمے کے لئے پوری دنیا کو مشترکہ طور کوششیں کرنی چاےئے ۔