پاکستان ،افغانستان اور چین کی سوچ ایک ،تینوں ممالک خطے میں امن کیلئے کوشاں ہیں،دفتر خارجہ،وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب خطے کی بدلتی صورت حال کے حوالے سے ہے،آئی ایس آئی ایس کی کارروائیوں پر تشویش ہے ،پاکستان میں قدم جمانے نہیں دیں گے، بھا رت میں پکڑی جانے والی کشتی کی تحقیقات جاری ہیں، بھارتی حکا م سے رابطے میں ہیں ،تسنیم اسلم کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 24 اپریل 2015 04:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء)پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی کوسٹ گارڈ کی طرف سے پکڑی جانے والی کشتی کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں،وزیر اعظم دورہ سعودی عرب کے دوران یمن کی صورت حال پر سعودی شاہ سلمان سے مشاور ت کریں گے اور سعودی عرب کی سلامتی کو خطرات کی صورت میں پاکستانی مدد کی یقین دہانی کرائیں گے،پاکستان ،افغانستان اور چین کی سوچ ایک ہے ،تینوں ممالک خطے میں امن کیلئے کوشاں ہیں،آئی ایس آئی ایس کی کارروائیوں پر تشویش ہے ،پاکستان میں قدم جمانے نہیں دیں گے ۔

جمعرا ت کے روز دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اس سلسلے میں دوسرے ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں ہے ہم اپنے مسائل کو خود ہی حل کریں گے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ سعودی عرب خطے میں بدلتی صورت حال ، یمن کی صورت حال اور مشرق وسطی میں امن وامان بحالی کیلئے ہے،وزیر اعظم نواز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی شاہ سلمان بن العزیز سے ملاقات کریں گے اور انہیں سعودی عرب کو سلامتی کے خطرات کے پیش نظر پاکستانی مدد کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائیں گے،انہوں نے کہا کہ یمن کے مسئلے میں پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ یمن بحران کا سیاسی طریقے سے حل کیا جائے،پاکستان کی ان کوششوں سے خطے میں ستحکام آئے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں فضائی حملوں کی بندش کے فیصلے کا خیر مقدم ہے اور امید ہے سعودی عرب کے ان اقدامات سے مسئلے کے حل میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی کوسٹ گارڈ کی طرف سے پکڑی جانے والی کشتی کی تحقیقات جاری ہے اور اس حوالے سے دہلی میں پاکستانی سفارت خانہ بھارتی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے ایسی کوئی کشتی پکڑی ہے تو انہیں فوری طور پر پاکستان کو آگاہ کرنا چاہیے تھا تاہم کشتی کی رجسٹریشن کا پتہ چلنے کے بعد ہی حتمی تفصیلات اکٹھی سامنے آجائیں گی۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان ،چین اور افغانستان ہم خیال ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی تینوں ممالک کا موقف یکساں ہیں،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ہو گا تو پورے خطے میں خوشحالی آئے گی اور حوالے سے پاکستان ،چین اور افغانستان امن کیلئے کوشاں ہیں،چین پاکستان کی طرح افغانستان میں بھی بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔ دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کا قتل اور حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایس آئی ایس کی کارروائیوں پر سخت تشویش ہے، ،آئی ایس آئی ایس کو پاکستان میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔