سابق صدرزر داری کی زیر صدارت سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ، پاک چین معاہدوں اور اقتصادی راہداری کے روٹ پر مشاورت

جمعہ 24 اپریل 2015 04:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 اپریل۔2015ء)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زر داری کی زیر صدارت سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں پاک چین معاہدوں اور اقتصادی راہداری کے روٹ پر مشاورت کی گئی۔ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زر داری نے تمام سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بلاکرانہیں عشائیہ دیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی، تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرین شاہ محمود قریشی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد عمر اور شفقت محمود،پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر اہم پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاک چین معاہدوں اور اقتصادی راہداری کے روٹ پر مشاورت کی گئی اور جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے شواہد جمع کرانے پر بھی مشاورت کی گئی۔آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ حکومت تمام معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرے، تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر کا کہناتھا کہ اجلاس میں دوررس باتیں کی گئیں۔

تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم اقتصادی راہداری پر اعتراض دور کرنے کیلئے پارٹیوں کو اعتماد میں لیں گے۔اس موقع پر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ طے ہوا ہے کہ وزیراعظم کی واپی پر قومی قیادت اکٹھی ہو گی،چارٹر آف اکنامی پر بھی اتفاق طے پایا۔انھوں نے کہا کہ قومی پراجیکٹ پر متنازع ہونے لگے ہیں۔

متعلقہ عنوان :