پاکستان کو اسلحہ کی فروخت کے معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی: امریکا، امریکا کا پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون برقرار ہے ہما ری پا لیسی تبدیل نہیں ہو گی ،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

جمعرات 23 اپریل 2015 05:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء)امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ایک ارب ڈالرز کے ہیلی کاپٹروں اور دوسرے فوجی آلات کی فروخت کا معاہدہ برقرار ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کو انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے ہیلی کاپٹروں اور اسلحہ کی فروخت کے معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بتایا کہ ایک ارب ڈالرز کے ہیلی کاپٹروں اور دوسرے فوجی آلات کی فروخت کا معاہدہ برقرار ہے اور پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کی روک تھام کیلئے تعاون میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون برقرار ہے اور اس حوالے سے پالیسی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ محکمہ خارجہ نے اس سے پہلے پاکستان کو 95 کروڑ بیس لاکھ ڈالرز مالیت کے ہیلی کاپٹر اور دوسرے فوجی آلات فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔