پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں نے پڑوسی ملک میں صف ماتم بچھا دیا ہے ، احسن اقبال ،پاک چین اقتصادی راہداری میں خیبر پختونخواہ کے ان منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے جو تیار حالت میں تھے، انٹرنیٹ پر ملک دشمنوں کی جانب سے دیئے جانے والے نقشوں سے راہداری کے بارے میں ابہام پیدا ہوا ہے یہ منصوبہ چاروں صوبوں اور خصوصاً ملک کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرے گا سابقہ ادوار میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی کی دوڑ میں بھارت اور بنگلہ دیش سے بہت پیچھے رہ گیا، اقتصادی راہداری کی مخالفت اور تنقید کرنے والے ملک کی ترقی کے دشمن ہیں، سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اس عظیم منصوبے کی مخالفت کرنے کی بجائے اس کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 23 اپریل 2015 05:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں نے پڑوسی ملک میں صف ماتم بچھا دیا ہے انٹرنیٹ پر ملک دشمنوں کی جانب سے دیئے جانے والے نقشوں سے راہداری کے بارے میں ابہام پیدا ہوا ہے یہ منصوبہ چاروں صوبوں اور خصوصاً ملک کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرے گا سابقہ ادوار میں حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ترقی کی دوڑ میں بھارت اور بنگلہ دیش سے بہت پیچھے رہ گیا اور اقتصادی راہداری کی مخالفت اور تنقید کرنے والے ملک کی ترقی کے دشمن ہیں سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اس عظیم منصوبے کی مخالفت کرنے کی بجائے اس کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے چھیالیس ارب ڈالر کے منصوبوں میں سے 28ارب ڈالر کے منصوبوں پر عملدرآمد کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ زیادہ تر منصوبے 2017ء تک مکمل کئے جانے چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کے ویژن پر عمل پیرا ہے اقتصادی راہداری منصوبے ملک بھر کیلئے یکساں مفید ہونگے ان قومی منصوبے کی تکمیل کیلئے مکمل اتحاد اور حمایت کی ضرورت ہے چین پاکستان کی خوشحالی وترقی اپنی ترقی سمجھتا ہے اقتصادی راہداری منصوبوں سے پوری دنیا کے میڈیا پر پاکستان کی ایک نئی پہچان سامنے آئی ہے چین سے پنتالیس ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے اور سمجھوتے پر دستخط ہوچکے ہیں حکومت پاکستان تمام وسائل بروئے کار لا کر تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے متعلق غلط پروپیگنڈے کیا جارہا ہے اقتصادی راہداری منصوبے تمام خطے اور پاکستان کیلئے خوشحالی لیکر آئے گا ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے اندر گوادر میں خوشحالی آجائے گی پسماندہ علاقوں میں خوشحالی اور روزگار کے مواقع پید ا ہوجائینگے ۔

بلوچستان کو سڑک کے ذریعے سے باقی ملک سے جڑ کر ان کے پھل اور میوے منڈیوں تک رسائی ممکن ہوجائے گی بہاولپور کے اندر ایک ہزار میگا واٹ کے شمسی بجلی گھر بنائے جائینگے ۔ انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبوں سے صوبوں کے اندر جو تعصب پیدا کیا جاتا ہے وہ ملک کے دشمن کے مترادف ہے اقتصادی راہداری منصوبوں میں کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا گیا اس وقت ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کیلئے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے ان ہی کی بدولت ایشین ٹائیگر کا خواب پورا ہوسکتا ہے اس منصوبوں سے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سمیت سندھ میں ترقی کی نئی راہیں کھولی جائینگی ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے پشاور میں میٹرو بس سروس بنانے کیلئے ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے قرضہ لینے کی وفاق سے بات کی وفاق اس بات کی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا پنجاب حکومت اپنے بجٹ سے لاہور اورنج لائن منصوبہ لگا رہا ہے صوبے آزاد ہیں جو اپنے صوبوں میں ترقی کے منصوبے لگارہے ہیں اقتصادی راہداری منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اقتصادی راہداری منصوبوں کا ہفتہ وار پیش رفت جائزہ لے گا منصوبے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی توانائی بحران ملکی حل کرکے خوشحالی آسکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ کوئی صوبہ میئر یا ٹرانزٹ سسٹم لانا چاہتا ہے تو وفاق حمایت کرے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کراچی گرین لائن منصوبے کیلئے آٹھ ارب روپے جاری کئے ہیں احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنتالیس ارب ڈالر میں سے سنتیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاری ہے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں خیبر پختونخواہ کے ان منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے جو تیار حالت میں تھے خیبر پختونخواہ حکومت کو قرضوں کیلئے ریاستی گارنٹی خسارے میں اضافے کی وجہ سے فراہم نہیں کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں سکھی کناری ، ہائیڈل پراجیکٹ کا منصوبہ تیار حالت میں تھا جس کی تکمیل سے نو سو میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اس کے علاوہ کوئی دوسرا منصوبہ تیار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں انڈسٹریل زون کی تکمیل کے علاوہ ڈی آئی خان ژوب قلعہ سیف اللہ گوادر کے علاوہ انڈس ہائی وے کا منصوبہ بھی اقتصادی راہداری میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کو توانائی کے دیگر منصوبوں میں براہ راست غیر ملکی امداد کی ریاستی گارنٹی دینے میں مشکلات ہیں کیونکہ حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے زیر تکمیل منصوبوں کیلئے بھی ریاستی گارنٹی فراہم کرتی ہے اگر ہم خیبر پختونخواہ حکومت کو عالمی امدادی اداروں سے قرضوں کیلئے ریاستی گارنٹی فراہم کریں تو اس سے ہمارے خسارے میں اضافہ ہوجائیگا اور ادائیگیوں کا توازن بگڑ جائے گا ۔