جیٹ طیاروں کی فضائی کارروائی ، آپریشن،اہم کمانڈر سمیت 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،بمباری میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے،ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے ہے،آئی ایس پی آر

جمعرات 23 اپریل 2015 05:06

میران شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء)شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ٹھکانوں فضائی کارروائی میں22 دہشت گرد ہلاک اور متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان آپریشن خیبر ون اور ٹو میں پاک فوج کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے ،شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس کی رپورٹ پر پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 22 دہشت گردمارے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل وحرکت جاری رہتی ہے اور گزشتہ رات بھی دہشت گردوں کا ایک بڑا گروپ خفیہ ٹھکانوں پر موجود ہونے کی اطلاعات تھی جس پر پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کارروائی کرتے ہوئے خفیہ ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے مرنے والوں میں شدت پسندوں کے اہم کمانڈر بھی شامل تھے،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے ہے ۔

(جاری ہے)

بنوں کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز بنوں کی تحصیل میر علی میں کھجوری چیک پوسٹ حملہ کیا اور درجن سے زائد راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے ۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام اور طالبان پاکستان سے ہے اور شکل سے مرنے والے دہشت گرد ازبک باشندے لگتے ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2 درجن سے زائد دہشت گردوں نے کھجوری چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کا تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ہوگیا ہے اور کئی گھنٹے سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اوردیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم آخری اطلاعات تک کسی دہشت گرد کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔