چینی صدر کی پاکستان آمد اور اربوں ڈالر کے معاہدے،مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پڑوسی ملک بھارت کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی ،کالعدم تنظیموں کے ذریعے ایک بار پھر ریلوے ٹریک کو نشانہ بنا کر عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کا تاثر دینے کی ناکام کوشش

منگل 21 اپریل 2015 08:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء )چینی صدر کی پاکستان آمد اور اربوں ڈالر کے معاہدے اور مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پڑوسی ملک بھارت کی آنکھوں میں کھٹکنے لگے ہیں ،کالعدم تنظیموں کے ذریعے ایک بار پھر ریلوے ٹریک کو نشانہ بنا کر عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کا تاثر دینے کی ناکام کوشش کی گئی اندرون سندھ کی کچھ کالعدم قوم پرستوں جماعتوں کے اس سے قبل بھی بھارت کی خفیہ تنظیم را سے تعلقات کے واضح ثبوت سامنے آچکے ہیں ۔

پیر کو پاکستان میں چینی صدر کی آمداور اربوں ڈالر کے معاہدے ہوتے ہی بھارت نواز کالعدم قوم پرست تنظیمیں سرگرم ہوگئی ہیں ۔پیر کو پہلے حیدر آباد کے علاقے حسین آباد میں ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا گیا اور پھر رات کو کراچی میں بن قاسم کے قریب ڈاؤن ٹریک کو نشانہ بنایا گیا، دونوں واقعات میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم ریلوے ٹریکس کو معمولی نقصان پہنچا ہے جس سے چند گھنٹوں کے لیے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان میں بیرون سرمایہ کاری کا آغاز ہونے لگتا ہے یا عالمی سطح پر امن و امان کے حوالے سے اچھا تاثر قائم ہورہا ہوتا ہے اسی دوران بھارت نواز کالعدم قوم پرست جماعتیں سرگرم ہو جاتی ہیں ۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر کے دورے کے بعد مئی میں پاکستان میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے جارہے ہیں جو یقینا پڑوسی ملک کو برداشت نہیں ہیں اسی لیے وہ کٹھ پتلیوں کے ذریعے وہ عالمی سطح پر امن و امان کے حوالے سے پاکستان کا تاثر خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ۔یاد رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سانحہ تربت کے بعد واضح الفاظ میں غیر ملکی خفیہ اداروں تنبیہ کر چکے ہیں ۔