نادرا حکام نے 37 حلقوں کی فرانزک رپورٹ جوڈیشل کمیشن میں جمع کرادی،آئندہ اجلاس میں رپورٹ کا جائزہ لیا جائیگا، الیکشن کمیشن جوڈیشل کمیشن میں 2013ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی کے الزامات پر مرتب کی گئی رپورٹ کل جمع کروائے گا

منگل 21 اپریل 2015 08:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 اپریل۔2015ء)نادرا حکام نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے انکوائری کرنے والے جوڈیشل کمیشن کی ہدایت پر 37 حلقوں کی فرانزک رپورٹ جوڈیشل کمیشن آفس میں جمع کراد ی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز نادرا حکام نے 37 حلقوں جن میں قومی اور صوبائی حلقوں کی فرانزک رپورٹ جوڈیشل کمیشن کے آفس میں جمع کرا دی ہے جوڈیشل کمیشن اس رپورٹ پر آئندہ اجلاس23 اپریل کو غوروخوض کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن تحریک انصاف کی درخواست پر نادرا حکام کو 37 حلقوں کی فرانزک رپورٹ 3 دن میں جمع کرانے کاحکم دیا تھا۔ادھر الیکشن کمیشن جوڈیشل کمیشن میں 2013ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی کے الزامات پر مرتب کی گئی رپورٹ کل جمع کروائے گا‘ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن پر 2013ء کے انتخابات میں مبینہ طور پر دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا جس پر جوڈیشل کمیشن نے الیکشن کمیشن سے الزامات سے متعلق مفصل رپورٹ طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری سید شیر افگن کی سربراہی میں لیگل ونگ اور الیکشن کمیشن کے حکام جوڈیشل کمیشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالوں کے جواب مرتب کر رہے ہیں اور اس سے متعلقہ دستاویزات بھی جوڈیشل کمیشن میں جمع کروائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے طلب کی گئی رپورٹ کل بدھ کو جوڈیشل کمیشن میں جمع کروائیں گے۔