حبیب بینک کے بعد مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتے ہیں، اسحاق ڈار ،آپریشن ضرب عضب کیلئے 1.75 ارب ڈالر جبکہ آئی ڈی پیزکی بحالی کیلئے8 سو ملین ڈالرکی ضرورت ہے ۔ وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ

پیر 20 اپریل 2015 06:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کہ حبیب بینک کے شیئرز کی فروخت کے بعد حکومت مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان کی معاشی درجہ بندی بہترہوئی ہے اور ہم دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیرون ملک اثاثہ جات 18.2 ارب ڈالر تک بڑھاناچاہتے ہیں جب کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زرمیں 15 فیصد اضافے کی امید ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حبیب بینک کے شیئرز کی نیلامی کے بعد حکومت مزید 35 اداروں کی نجکاری کرنا چاہتی ہے اگلے مرحلے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے شیئرز فروخت کئے جائیں گے۔ حکومت حبیب بینک کے شیئرزکی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سے قرضوں کی ادائیگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کیلئے 1.75 ارب ڈالر اخراجات آئیں گے جب کہ آئی ڈی پیزکی بحالی کیلئے8 سو ملین ڈالرکی ضرورت ہے۔