تحریک انصاف کو کراچی میں کوئی خوف اور ڈر نہیں ، ڈاکٹر شیریں مزاری ، امید ہے کہ جماعت اسلامی بھی تحریک انصاف کے حق میں اپنا امیدوار بٹھا دیگی ، ٹاسک فورس کے سربراہ نے بھی دھاندلی کے حوالے سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جوڈیشل کمیشن سے انصاف کا فیصلہ آئے گا اور ہمیں وہ فیصلہ قبول ہوگا ، تحریک انصاف کی کورکمیٹی اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 18 اپریل 2015 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو کراچی میں کوئی خوف اور ڈر نہیں ہے بلکہ وہاں پر ہماری بہت اچھی انتخابی مہم چل رہی ہے امید ہے کہ جماعت اسلامی بھی تحریک انصاف کے حق میں اپنا امیدوار بٹھا دیگی ، ٹاسک فورس کے سربراہ نے بھی دھاندلی کے حوالے سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جوڈیشل کمیشن سے انصاف کا فیصلہ آئے گا اور ہمیں وہ فیصلہ قبول ہوگا ۔

جمعہ کے روز تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں عمران خان نے بنی گالہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں جہانگیر ترین شیریں مزاری ، ٹاسک فورس کے سربراہ اسحاق خاکوانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی ثبوت پیش کرنے کے حوالے سے تیاریاں اور این اے 246 پر جماعت اسلامی کے ساتھ ڈیڈ لاک پر غور حوض کیا گیا اجلاس کے بعد شیریں مزاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہر حالت میں این اے 246 کا الیکشن لڑے گی اور اپنا امیدوار تحریک انصاف کے حق میں بٹھا دیگی شیریں مزاری نے کہا کہ کراچی میں اب تبدیلی آنے والی ہے اور تحریک انصاف کو وہاں پر کوئی خوف اور ڈر نہیں ہے بلکہ ہماری انتخابی مہم وہاں پر زور وشور سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ ٹاسک فورس کے سربراہ اسحاق خاکوانی نے دھاندلی کے ثبوتوں کی رپورٹ تیار کرلی ہے جسے جوڈیشل کمیشن میں بدھ تک پیش کیاجائے گا اور جوڈیشل کمیشن سے مکمل مطمئن ہیں جو بھی فیصلہ آئے گا انصاف پر مبنی ہوگا اور اسے دل سے قبول کرینگے ۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ این اے 246 میں لگائے گئے ریٹرننگ افسر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وہاں پر فوری نوٹس لیا جائے ۔