چینی صدر 20اپریل سے پاکستان کادوروزہ دورہ کرینگے یمن کے معاملے پر پاکستان کے سعودی عرب میں اعلیٰ سطح پر مذاکرات مکمل ہو گئے، تسنیم اسلم،پاکستان قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹر نس کو ہر صورت برقرار رکھے گا سرینگر میں پیش آنے والا واقعہ کشمیریوں کے پاکستان سے متعلق دیرینہ جذبات کا اظہار ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ

جمعہ 17 اپریل 2015 04:25

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اپریل۔2015ء ) پاکستان نے کہا ہے کہ کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے گزشتہ روز سرینگر میں پیش آنے والا واقعہ کشمیریوں کے پاکستان سے متعلق دیرینہ جذبات کا اظہار ہے یمن کے معاملے پر پاکستان کے سعودی عرب میں اعلیٰ سطح پر مذاکرات مکمل ہو گئے پاکستان قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹر نس کو ہر صورت برقرار رکھے گا چینی صدر 20اپریل سے پاکستان کادوروزہ دورہ کرینگے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی ہتھیار اپنے دفاع کے لئے تیار کئے ہیں، قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹر نس کو ہر صورت برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ تشدد سے نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل ہو گا ، پاکستان نے اس مسئلے کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا ہے، سرینگر واقعہ کشمیریوں کے پاکستان سے متعلق دیرینہ جذبات کا اظہار ہے، گزشتہ روز نکالی گئی ریلی پْرامن تھی، کشمیری رہنماوٴں کے خلاف مقدمات جعلی ہیں بھارت کی طرف سے کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کرنے سے اختلاف ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کے صدر ڑی جیپنگ پیر سے 2 روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کا آپریشن مکمل ہوچکا ہے تاہم اب بھی پاک بحریہ کا ایک جہاز یمن میں موجود ہے، اگر وہاں پاکستانی ہوئے تو انہیں وطن واپس لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اس کے علاوہ یمن کی جیل میں 11 پاکستانیوں کے معاملے پر حکام سے رابطے میں ہیں۔

تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ یمن کے معاملے پر پاکستان کے سعودی عرب میں اعلیٰ سطح پر مذاکرات مکمل ہو گئے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کال اور پاکستانی وفد کی سعودی عرب روانگی کے درمیان کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کے حوالے سے سرکاری سطح پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔ دفتر خارجہ کسی وزیر کی ٹوئٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیتا۔