پاکستان کا بیلسٹک میزائل غوری کا کامیاب تجربہ،غوری میزائل جوہری اور روایتی ہتھیار 1300 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، کامیاب تجربے پر وزیراعظم ، صدر ، وزیر دفاع کی سائنسدانوں اور غوری میزائل کی تیاری میں شریک دیگر اداروں کو مبارکباد ،ملک کی دفاع کے معاملے پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ممنون حسین، نوازشریف

جمعرات 16 اپریل 2015 04:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء) پاکستان نے بیلسٹک میزائل غوری کا کامیاب تجربہ کرلیا ، میزائل 1300 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، کامیاب تجربے پر وزیراعظم نواز شریف ، صدر ممنون حسین ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے سائنسدانوں اور غوری میزائل کی تیاری میں شریک دیگر اداروں کو مبارکباد پیش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے 1300 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے غوری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے ۔ بیلسٹک میزائل انتہائی مہارت سے تیرہ سو کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اس کے علاوہ روایتی ہتھیار اور جوہری ہتھیار پہنچانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے غوری میزائل کا تجربہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کی نگرانی میں کیا گیا اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر محسوس کرتا ہوں ہماری سکیورٹی اداروں اور سائنسدانوں کی محنتوں سے ہم نے غوری میزائل کا کامیاب تجربہ بھی کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرزسمیت پوری ٹیم کو مبارکباد د یتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی دفاع کے معاملے پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا