سانحہ تربت کے بعد آرمی چیف کا دورہ کوئٹہ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی،غیر ملکی ایجنسیاں پاکستا ن کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں،آرمی چیف کا انتباہ،دہشت اور دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائیگا،دہشتگردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کومنہ کی کھانا پڑے گی،انہیں پاکستان میں چھپنے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی،بلوچ عوام کے ساتھ ہیں،جنرل راحیل شریف کی ایف سی ہیڈ کوارٹر اور سدرن کمانڈر ہیڈ کوارٹر کے دورہ ،ر گورنر،وزیراعلیٰ بلوچستان اورکمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقاتوں میں گفتگو

جمعرات 16 اپریل 2015 04:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اپریل۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سانحہ تربت کے بعد بلوچستان میں امن وامان کی صور تحال پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔جنرل راحیل شریف کی کوئٹہ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انھیں انسپکٹر جنرل (آئی جی) ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

جنرل شیر افگن نے آرمی چیف کو گزشتہ دنوں سانحہ تربت میں 20 مزدورں کے قتل کے بعد کی صورت حال اور سرچ آپریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شرپسندوں نے تربت شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر گوگدان کے علاقے میں ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کرکے 20 محنت کشوں کو قتل اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں سینئر ملٹری اور ایف سی افسران کے ساتھ دیگر اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی ریاستوں اور غیر ملکی ایجنسیوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائے گا۔دہشتگردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی،ریاست کی رٹ کی بحالی کیلئے ہر سطح تک جائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بدھ کے روز ایف سی ہیڈ کوارٹر اور سدرن کمانڈر ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور گورنر،وزیراعلیٰ بلوچستان اورکمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقاتیں کیں۔

آرمی چیف نے دہشتگردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے خاتمے تک بلوچستان حکومت کو مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہی ہیں غیر ملکی ایجنسیاں اورریاستیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی بیرونی طاقتوں کو مکمل شکست دیں گے۔دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کو ملک میں کہیں چھپنے نہیں دیں گے اورریاست کی رٹ کی بحالی کے لئے ہر سطح پر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں،ان کے ہمدردوں اور ان کے معاونوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ریاست کی رٹ کی بحالی کیلئے ہر سطح تک جائیں گے۔آرمی چیف نے بلوچستان میں سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن بلوچستان کی قیام یقینی بنائیں گے۔دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بلوچستان حکومت کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

آرمی چیف نے صوبے میں قیام امن کیلئے سویلین اور عسکری قیادت کی کارکردگی کو سراہا۔آرمی چیف نے تربت میں مزدوروں کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک بلوچستان حکومت کی مدد کرنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ امن وخوشحالی کے لئے بلوچ عوام کے ساتھ ہیں۔آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف ایف سی کے آپریشن کا جائزہ لیا اس موقع پر انہیں صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی ۔